Aaj News

منگل, نومبر 26, 2024  
23 Jumada Al-Awwal 1446  

پانچ منٹ فائرنگ ہونی ہے اور کوئی بندہ نظر نہیں آئے گا، محسن نقوی

گولی کا جواب گولی سے آسانی سے دیا جاسکتا ہے، وزیر داخلہ
اپ ڈیٹ 25 نومبر 2024 11:17pm

وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ آج پھر ہمیں جنازے پڑھنے پڑے ہیں، جن لوگوں نے احتجاج کی یہ کال دی، لوگوں کو بلایا وہ تمام ذمہ دار ہوں گے۔

وزیر داخلہ نے پی ٹی آئی کارکنان کے حملے میں جاں بحق پنجاب پولیس کے کانسٹیبل مبشر بلال کی پولیس لائن میں ادا کی گئی نماز جنازہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم کسی کو نہیں چھوڑیں گے، سب کے خلاف ایف آئی آرز ہوں گی۔

محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب پولیس اور اسلام آباد پولیس کا بھی نقصان ہوا، ہم نے اپنا نقصان برداشت کرلیا ہے۔ قوم کے پیسے ضائع ہورہے ہیں۔

پی ٹی آئی احتجاج: پولیس اہلکار شہید، 70 زخمی، 5 کی حالت تشویشناک ہے، عظمیٰ بخاری

ان کا مزید کہنا تھا کہ گولی کا جواب گولی سے آسانی سے دیا جاسکتا ہے، لیکن پولیس نے گولیوں کا جواب آنسو گیس شیل اور ربر بلٹ سے دیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ جو ذمہ دار ہیں انہیں سزا ملے گی، اسلام آباد پولیس کے دو جوانوں کی حالت نازک ہے، لواحقین سے وعدہ ہے شہداء کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

اس موقع پر آئی جی پنجاب عثمان انور نے کہا کہ ہمارے 119 بندے زخمی ہوئے ہیں، ان میں سے 4 اسلحے سے زخمی ہوئے ہیں، 28 سے زائد گاڑیوں کا نقصان ہوا ہے۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ ہم ٹوٹل دو لاکھ دس ہزار سے زیادہ کی فورس ہیں اور پنجاب پولیس کی 22 ہزار نفری اسلام آباد میں موجود ہے۔

بعدازاں، محسن نقوی نے ڈی چوک پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیلاروس کے صدر خیریت سے آگئے ہیں، جو اہلکار شہید یا زخمی ہوئے سب کے ذمہ دار کال دینے والے ہیں، جنہوں نے اسلام آباد کی کال دی وہ ذمہ دار ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ سیاست کرنا ہے کرو لیکن مخصوص ٹائمنگ پر ایسی حرکتیں کی جاتی ہیں، کچھ لوگوں نے یہ سب کچھ پلان کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ جو یہاں پہنچے گا وہ گرفتار ہوگا، ہم ایک مختلف اسٹریٹجی کے ساتھ نظر آئیں گے، یہ نہیں ہوسکتا کہ وہ آئیں اور ہم گرفتار نہ کریں۔

محسن نقوی کے مطابق میاں والی میں فائرنگ ہوئی، کلیئر تھا کہ وہ لاشیں چاہ رہے تھے، ہمارے زخمیوں کو بلٹ انجریز ہیں، یہ چاہتے ہیں انہیں لاشیں ملیں، اگر ہم فائر کرتے تو یہ پتھر گڑھ سے آگے نہیں نکل سکتے تھے، ان پر فائر کرنے سے ہمیں کوئی چیز نہیں روک سکتی تھی،ہم ان کے لوگوں کو شناخت کر کے دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہاں 5 منٹ فائرنگ ہونی ہے تو کوئی بندہ نظر نہیں آئے گا، ہم چاہتے ہیں کہ پاکستانی ہیں کسی کی جان نہ جائے، لیکن ایک وقت آتا ہے کہ ہمیں اپنے لوگوں کا بھی تحفظ کرنا پڑتا ہے، ہمارے لیے انہیں جواب دینا بہت آسان تھا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ منسٹر انکلیو میں میری کوئی ملاقات نہیں ہوئی، ہمارے کوئی مذاکرات نہیں ہورہے، ہماری پہلی کوشش ہے لوگوں کی جانیں نہ جائیں، ان کا مقصد کچھ اور ہے ہمارا مقصد کچھ اور ہے۔

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

24th November PTI March