Aaj News

پیر, نومبر 25, 2024  
23 Jumada Al-Awwal 1446  

پی ٹی آئی قافلے کا سفر- ہکلہ سے ڈی چوک پہنچنے کے دو راستے

پشاور سے اسلام آباد تک کا سفر نقشوں کے ذریعے
شائع 25 نومبر 2024 06:52pm
پی ٹی آئی کا قافلہ اتوار کی صبح پشاور سے روانہ ہوا اور رات غازی بروتھا میں گزاری۔
پی ٹی آئی کا قافلہ اتوار کی صبح پشاور سے روانہ ہوا اور رات غازی بروتھا میں گزاری۔

پی ٹی آئی کا پشاور سے علی امین گنڈا پور اور بشریٰ بی بی کی قیادت میں روانہ ہونے والا قافلہ دوسرے روز اسلام آباد کے انتہائی قریب ہکلہ انٹرچینج پر پہنچ چکا ہے اور یہاں سے اس کے پاس اسلام آباد میں داخلے کے دو راستے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ وہ فیض آباد کے راستے ہی اسلام آباد پہنچیں گے۔ اس راستے پر زیادہ رکاوٹیں ہیں اور پولیس و رینجرز کی بھاری نفری بھی تعینات ہے۔

دوسرا راستہ مارگلہ ایونیو کا ہے۔ پچھلی مرتبہ علی امین گنڈا پور جب اسلام آباد کے قریب پہنچے تھے تو انہوں نے اسی راستے کا اختیار کیا تھا اور انتہائی تیزی سے ڈی چوک کے قریب پہنچ گئے تھے۔ لیکن پھر وہ وہاں سے خیبرپختونخوا ہاؤس چلے گئے۔

راستوں کی بندش: راولپنڈی اسلام آباد میں پیٹرول اور ڈیزل کے اسٹاکس ختم ہونے کا خدشہ

فیض آباد کے راستے اسلام آباد میں داخل ہونے کے لیے پی ٹی آئی کے کارکنوں کو پہلے 26 نمبر چونگی پہنچنا ہوگا جہاں سے وہ راولپنڈی میں داخل ہوں گے اور آئی جے پی روڈ سے ہوتے ہوئے فیض آباد پہنچیں گے۔ یہاں سے وہ نائنتھ ایونیو یا اسلام آباد ایکسپریس وے سے ہوتے ہوئے جناح ایونیو اور پھر ڈی چوک کی طرف جا سکتے ہیں۔

مارگلہ ایونیو کا راستہ اسلام آباد کے بالکل دوسری طرف سے گزرتا ہے اور یہ راستہ اختیار کرنے کی صورت میں پی ٹی آئی کارکنوں کو فیض آباد آنے کی ضرورت نہیں۔

تاہم پی ٹی آئی کے کارکن دونوں میں سے کسی بھی راستے سے اسلام آباد میں داخل ہوکر ڈی چوک پہنچ پائیں گے یا نہیں اس بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہے۔

علی امین گنڈاپور اور بشریٰ بی بی کی قیادت میں قافلہ پشاور سے اتوار 24 نومبر کی صبح 11 بجے روانہ ہوا تھا۔ اس قافلے کا پہلا پڑاؤ صوابی میں موٹروے ریسٹ ایریا تھا جہاں پر دیگر علاقوں سے بھی کارکن جمع ہوئے۔ یہاں سے یہ قافلہ سورج ڈھلنے کے بعد روانہ ہوا۔

عمران خان کی بیرسٹر گوہر سے گفتگو: مذاکرات کی کال واپس لینے پر موقف واضح

پی ٹی آئی کے کارکنوں کو غازی بروتھا اور ہرو کے مقام پر رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑا لیکن پیر کی صبح یہ ہرو سے آگے نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔

اس کے باوجود قافلے کو برہان انٹرچینج اور کٹی پہاڑی سے گزرنے میں پورا دن گزر گیا۔

شام کے وقت قافلہ اسلام آباد کے قریب ہکلہ انٹرچینج پہنچا۔ یہاں پر موٹرے ایم 14 آکر پشاور اسلام آباد موٹروے ایم 1 سے ملتی ہے۔ ایم 14 کو سی پیک روٹ بھی کہتے ہیں۔

ایم 14 کے راستے پی ٹی آئی کا ایک قافلہ پہلے ہی خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع سے پہنچ چکا تھا۔ پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ دونوں قافلے مل کر اسلام آباد کی طرف بڑھیں گے۔