Aaj News

بدھ, دسمبر 25, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

کراچی کلفٹن میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 4 ملزمان ہلاک

ملزمان کے قبضے سے 4 پستول اور ایمونیشن کے ساتھ 2 موٹرسائیکلیں بھی برآمد
شائع 24 نومبر 2024 12:50pm

کراچی کے علاقے کلفٹن گندا نالہ اسٹاپ کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ ہوا ہے تاہم دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں 4 ملزمان ہلاک ہوگئے۔

پولیس کے مطابق کلفٹن پولیس اور سی ٹی ڈی مشترکہ طور پر اسنیپ چیکنگ کررہی تھی کہ ملزمان کو اسنیپ چیکنگ کے دوران رکنے کا اشارہ کیا، ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کرکے فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں 4 ملزمان مارے گئے۔

پولیس نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے ملزمان کے قبضے سے 4 پستول اور ایمونیشن کے ساتھ 2 موٹرسائیکلیں بھی برآمد کی گئی ہیں جبکہ ملزمان کی لاشیں جناح اسپتال منتقل کردی گئیں۔

پولیس کے مطابق ہلاک ملزمان نے 6 نومبر کو کلفٹن میں شہری کو قتل کیا تھا، فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے شہری کی شناخت سعید کے نام سے ہوئی، مقتول سعید قانون نافذ کرنے والے ادارے کا سابق اہلکار تھا، ہلاک ڈاکوؤں نے شہری سعید کو پیسے چھیننے کے دوران قتل کیا تھا۔

ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق ہلاک ملزمان کی شناخت ہوگئی ہے، ملزمان میں عبدالستار، سری چند، راج کمار اور نواب احمد شامل ہیں۔

ڈی آئی جی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزمان کا کریمنل ریکارڈ بھی ہے، ملزمان ڈکیتی اور رہزنی کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے اور دہشت گردی کی کارروائیوں میں بھی ان کے ملوث ہونے کی تصدیق کی جا رہی ہے۔

karachi

encounter

Police Encounter

Clifton