پی ٹی آئی احتجاج میں خیبر پختونخواہ کے سرکاری وسائل کا استعمال روکنے کے حوالے سے بڑی پیش رفت
تحریک انصاف کے 24 نومبر کو ہونے والے احتجاج میں خیبر پختونخواہ کے سرکاری وسائل کا استعمال روکنے کے حوالے سے بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے سرکاری ملازمین کو قانون کے مطابق فرائض انجام دینے کی ہدایت کردی ہے۔
چیف سیکرٹری نے تمام صوبائی اداروں اور انتظامیہ سربراہان کو مراسلہ لکھا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ عوام کو بلاخوف و خطر تحفظ فراہم کرنا ہمارا فرض ہے، ہم قانون اور آئین کے تحت قوم کے خادم ہیں، ہمیں قانون اور آئین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا۔
مراسلے میں کہا گیا کہ تمام ملازمین بلاخوف و خطر قانون و آئین کے مطابق اپنے فرائض سر انجام دیں، تمام ملازمین سیاسی ہمدردی سے بالاتر ہوکرغیر جانبداری سے فرائض ادا کریں، سیاسی دباؤ کو نظر انداز کرتے ہوئے قانون کی پاسداری کو یقینی بنائیں۔
خط میں کہا گیا کہ ہمارا الائنس ریاست اور آئین کے ساتھ ہے کسی سیاسی جماعت سے نہیں، سرکاری وسائل اور اختیارات کا ناجائز استعمال کسی صورت نہ کیا جائے، بطور پبلک سرونٹ آئین، قانون اور عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کے لئے اقدامات کریں۔
مراسلے میں کہا گیا کہ سیاسی قیادت کے احکامات بھی صرف آئین اور قانون کے مطابق مانے جائیں۔
قبل ازیں چیف سیکرٹری خیبر پختونخواہ کو وزارت داخلہ کی جانب سے مراسلہ لکھا گیا تھا،جس میں کہا گیا تھا کہ یقینی بنایا جائے احتجاج میں کوئی سرکاری مشینری استعمال نہ ہو، یقینی بنایا جائے سرکاری لوگ یا پیسہ بھی استعمال نہیں ہوگا۔
چیف سیکرٹری خیبر پختونخواہ نے وفاقی وزارت داخلہ کے مراسلے پر کارروائی کرتے ہوئے صوبے کے سرکاری ملازمین کوقانون کے مطابق امور انجام دینے کی ہدایت کی ہے۔
Comments are closed on this story.