Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

احتجاج میں حصہ لینے والے سرکاری افسران کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، عطاء تارڑ

جو کہتا تھا کہ ڈیل نہیں کروں گا، اب "ڈیل کرلو، ڈیل کرلو" کی صدائیں دے رہا ہے، وزیر اطلاعات
شائع 21 نومبر 2024 10:10pm

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ تحریک انتشار کے احتجاج کا مقصد ملک میں فساد پھیلانا ہے، پی ٹی آئی احتجاج کیلئے سرکاری وسائل استعمال کرتی ہے۔

عطاء تارڑ نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا، سرکاری افسران کسی سیاسی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکتے، ملوث ہونے پر افسران کے خلاف سخت سے سخت کارروائی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں کسی احتجاج کی اجازت نہیں ہوگی، قانون پر مکمل طور پر عمل کریں گے اور کروائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلے چینی صدر کے دورے کے موقع پر احتجاج کیا گیا، ایس سی او کے موقع پر بھی احتجاج کی کوشش کی گئی، اب بیلاروسی صدر کے دورے کے موقع پر احتجاج کیا جارہا ہے۔

عطاء تارڑ نے کہا کہ یہ ملک دشمن ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں، جب کوئی آتا ہے تو یہ احتجاج شروع کردیتے ہیں، کیا احتجاج ملکی معیشت بہتر ہونے کے خلاف ہورہا ہے، کیا یہ احتجاج مہنگائی کم ہونے کے خلاف ہے؟ یہ صرف اپنے لیڈر کیلئے این آر او مانگ رہے ہیں۔

عمران خان کے جیل سے بیان پر عطاء تارڑ کا دلچسپ تبصرہ

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کا بانی پی ٹی آئی عمران خان کے جیل سے بیان پر دلچسپ تبصرہ کیا ہے۔

عطاء تارڑ کا کہنا ہے کہ ”جیل سے رہا کرو تو احتجاج ملتوی کردوں گا“ کا بیان قیدی کی ”فرسٹریشن اور گھبراہٹ“ کا اعتراف ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 24 نومبر کو انتشار کی کال کا مقصد ”ڈیل“ کے لیے جدوجہد کرنا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ جو کہتا تھا کہ ڈیل نہیں کروں گا، اب ”ڈیل کرلو، ڈیل کرلو“ کی صدائیں دے رہا ہے اور وفاق پر لشکر کشی کرنے پر بضد ہے۔

عطاء تارڑ نے کہا کہ آپ سے ڈیل صرف ”قانون“ کرے گا جس کے آپ مجرم ہیں۔

imran khan

Attaullah Tarar

24th November PTI March