Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

کچے میں پولیس کا ٹارگٹڈ آپریشن، 2 شہری بازیاب، ڈاکو ہلاک

پولیس کو دونوں مغویان آصف اور بلال کماد کے کھیت سے محبوس حالت میں ملے
شائع 21 نومبر 2024 05:39pm

رحیم یار خان پولیس نے کچے میں ٹارگٹڈ آپریشن کرتے ہوئے دو ماہ سے مغوی دو شہریوں کو بازیاب کروا کر خطرناک ڈاکو کو ہلاک کر دیا۔

ترجمان پولیس کے مطابق بازیاب مغویان آصف اور بلال کو 26 ستمبر کو ہنی ٹریپ کے ذریعے صادق آباد سے اغوا کیا گیا تھا، پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران دونوں مغویان کو حفاظتی تحویل میں لے لیا۔

ہلاک ڈاکو کی شناخت نادر کوش کے نام سے ہوئی جس کے قبضے سے کلاشنکوف اور سیکڑوں گولیاں برآمد ہوئیں۔ ہلاک ڈاکو اغواء برائے تاوان، پولیس پر حملوں اور ڈکیتی کی وارداتوں میں مطلوب مطلوب خطرناک مجرم اشتہاری تھا۔ ہلاک ڈاکو بھونگ میں پولیس کانسٹیبل اکبر گوپانگ کی شہادت اور شہید سب انسپکٹر رانا رمضان پر دوران ڈیوٹی حملے کا پولیس کو مطلوب مرکزی ملزم تھا۔

ترجمان کے مطابق آپریشن ڈاکوؤں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر سندھ کے موضع پکا چانڈیہ سے متصل سرحدی علاقے میں کیا گیا، ڈاکوؤں کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس نے کارروائی کی تو مسلح ملزمان نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس پر پولیس کی بھرپور جوابی کارروائی میں خطرناک ڈاکو نادر کوش اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا جبکہ ساتھی فصل کماد میں فرار ہوگیا۔

سرچ آپریشن کے دوران پولیس کو دونوں مغویان آصف اور بلال کماد کے کھیت سے محبوس حالت میں ملے۔ ڈاکوؤں نے دونوں شہریوں کو ہاتھ پاؤں باندھ کر رکھا ہوا تھا۔

کامیاب آپریشن میں ڈی ایس پی بھونگ کی نگرانی میں انچارج سی آئی اے صادق آباد، ایس ایچ او بھونگ سمیت پولیس کی بھاری نفری نے حصہ لیا۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کامیاب کارروائی پر ڈی پی او رضوان عمر گوندل اور پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ کچہ میں عوام کی جان و مال کی حفاظت کریمنلز کی سرکوبی کے لیے ٹارگٹڈ آپریشنز کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔

Punjab police

kacha operation