پاکستان کا سلامتی کونسل میں غزہ جنگ بندی کی قرارداد ویٹو کرنے پر اظہار افسوس
پاکستان نے امریکا کی جانب سے اقومی متحدہ کی سلامتی کونسل میں غزہ جنگ بندی کی قرارداد ویٹو کرنے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ میں امریکا کی جانب سے غزہ جنگ بندی کی قرارداد ویٹو کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں، اسرائیلی مظالم پر اقوام متحدہ کی رپورٹ خوش آئند ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کو افغان سرزمین سے دہشت گرد گروپوں کی کارروائیوں پر تشویش ہے، افغانستان سے متعلق خصوصی مندوب کی تقرری کی کوئی تجویز فی الحال زیرِ غور نہیں، دہشت گردی صرف افغانستان نہیں بلکہ پاکستان سمیت ہمسایوں کے لیے بھی خطرہ ہے۔
ممتاز زہرا بلوچ کا مزید کہنا تھا کہ افغان حکومت دہشت گردگروپوں کی کاروائیوں کے سنجیدہ لے، افغانستان کو دہشت گرد گروہوں سے متعلق ٹھوس شواہد پیش کردیے، افغانستان کو دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائی کرنی چاہیئے، امید ہے افغانستان بین الاقوامی سطح پر اپنے وعدے پورے کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ عدالتی معاملات پاکستان کے آئین و قانون کے مطابق حل ہوتے ہیں، مشرقی ایشیا میں کچھ پاکستانی مشکل صورتحال کا شکار ہیں، خطے کے مملک مل کر انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کرسکتے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ بیلاروس کے صدر 25 سے 27 نومبر تک پاکستان کا دورہ کریں گے، دورے کے دوران بیلاروس کے صدر کی پاکستانی قیادت سے ملاقاتیں ہوں گی، دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ سمیت اہم معاہدوں پر بات چیت ہوگی۔
ممتاز زہرہ بلوچ نے بتایا کہ اسپین کے پارلیمانی وفد نے پاکستان میں اہم ملاقاتیں کیں، دونوں ممالک نے درمیان تجارت سمیت تعاون بڑھانے پر بات چیت کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق برطانوی وزیر ہمیش فالکنر نے بھی رواں ہفتے پاکستان کا دورہ کیا، برطانوی وزیر کی نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن نقوی سمیت اہم شخصیات سے ملاقاتیں ہوئیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ہم نے پاکستان میں سیاسی اور شخصی آزادیوں کے بارے میں سوشل میڈیا پر برطانوی رکن اسمبلی کے برطانوی وزیر خارجہ کو لکھا گیا خط دیکھا، اس خط کو پاکستان کے ساتھ شئیر نہیں کیا گیا، یہ خط برطانوی پارلیمان اور ایک رکن پارلیمان کے درمیان خط و کتابت ہے جو کہ برطانوی پارلیمانی نمائندوں کا اندرونی معاملہ ہے، یہ خط حکومت پاکستان کو نہیں سرکاری طور پر نہیں دیا گیا۔
ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے یہ بھی کہا کہ پاک یورپی یونین مشترکہ کمیشن کا 14 واں سیشن اسلام آباد میں منعقد ہو رہا ہے۔
واضح رہے کہ امریکا نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غزہ جنگ بندی کی قرارداد ویٹو کردی۔
غیرملکی خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے 15 اراکین نے غزہ میں جنگ بندی کے لیے 10 غیرمستقل ارکان کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد پر ووٹ دیا۔
قرارداد میں غزہ میں 13 ماہ سے جاری جنگ فوری طور پر بند کرنے اور حماس کی قید میں موجود اسرائیلیوں کی رہائی کے لیے الگ سے مطالبہ کیا گیا تھا۔
سلامتی کونسل میں صرف امریکا نے مستقل رکن کی حیثیت سے ویٹو کا اختیار استعمال کیا اور جنگ بندی کی قرارداد کو ویٹو کردیا۔
پاکستان اور یورپین یونین کےمشترکہ کمیشن کا اجلاس آج ہو رہا ہے،ترجمان
Comments are closed on this story.