Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
18 Jumada Al-Awwal 1446  

امریکی شہری اس جہاز میں سوار ہوجائیں، ٹرمپ مخالفین کیلئے انوکھی آفر متعارف

فلوریڈا میں قائم کروز کمپنی نے امریکیوں کو یہ انوکھی پیشکش کی ہے، رپورٹ
شائع 21 نومبر 2024 11:15am

نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے آنے سے بہت سے امریکی خوش نہیں جن کے لیے امریکی بحری جہاز نے آفر پیش کردی ہے۔

خیال رہے ڈونلڈ ٹرمپ ایک بار پھر امریکا کے صدر منتخب ہونے جا رہے ہیں تاہم وہیں ملک میں سیاسی تناؤ بھی جاری ہے، بہت سے افراد ان کے آنے سے نا خوش ہیں اور کئی مقامات پر ٹرمپ کیخلاف احتجاج بھی کیا گیا ہے۔

اسی کے پیش نظر فلوریڈا میں قائم کروز کمپنی ولا وائی ریزیڈنس نے ٹرمپ کے مخالفین کو ان کے صدارتی دور سے بچانے کے لیے انوکھی پیشکش کردی ہے۔

کمپنی کے مطابق وہ شہری جو اس دور صدارت میں امریکا میں نہیں رہنا چاہتے وہ 140 ممالک کا سفر کرسکتے ہیں، جس میں 425 بندر گاہوں کو دیکھنے کا موقع ملے گا۔

اس آفر کے تحت مسافر چار پیکجز میں سے کسی ایک کا انتخاب کر سکتے ہیں، ایک سالہ ’’حقیقت سے فرار‘‘، دو سالہ ’’وسط مدتی انتخاب‘‘، تین سالہ ’’ہر جگہ لیکن گھر‘‘، یا پورے چار سالہ ’’اسکیپ فارورڈ‘‘ میں سے امریکی شہری کسی ایک کا انتخاب کرسکتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق سفر کے پورے ایک سال کا کرایہ 40 ہزار ڈالرز مختص کیا گیا ہے، علاوہ ازیں چار سالہ پیکج کیلئے سنگل کیبن کا کرایہ 2 لاکھ 59 ہزار ڈالرز ہوگا۔

مذکورہ کمپنی کے سی ای او میکائل پیٹرسن نے کہا کہ یہ کوئی سیاسی مہم نہیں بس ٹرمپ کے جیتنے سے امریکا میں ریپبلکن سے زیادہ ڈیموکریٹس ناخوش ہیں۔

پیٹرسن کا کہنا تھا کہ مسافر سمندر میں رہ کر امریکی جمہوریت سے وابستہ رہ سکتے ہیں، اور وسط مدتی اور آئندہ کے صدارتی انتخاب کیلئے میل ان بیلیٹس کے ذریعے اپنا ووٹ ڈال سکتے ہیں، جسے کروز آن لائن جمع کرکے متعلقہ حکام کو ارسال کر دے گا۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ لوگوں کو ٹرمپ کے دور حکومت سے دور لے جانے والے جہاز میں 600 افراد کی گنجائش موجود ہے، اس کے علاوہ طعام، وائی فائی، علاج اور 15 روزہ لانڈری کی خدمات کی سہولت بھی شامل ہیں۔

Americans

offers

Cruise line

4 year trip

skip Trump’s second term