Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

معاشی اشاریے مثبت، مایوسی پھیلانے اور ڈیفالٹ کی باتیں کرنے والے لوگ آج کدھر ہیں؟آرمی چیف

آرمی چیف کی "آئیڈیاز 2024" میں شرکت، پاکستان کا "شاہپر تھری" ڈرون توجہ کا مرکز بن گیا
اپ ڈیٹ 21 نومبر 2024 04:18am

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ مایوسی حرام ہے، مجھے پاکستان کے روشن اور مستحکم مستقبل پر کامل یقین ہے، معیںشر کے تمام اشاریے مثبت ہیں، مایوسی پھیلانے اور ڈیفالٹ کی باتیں کرنے والے لوگ آج کدھر ہیں؟

آرمی چیف نے بدھ کو ایکسپوسینٹرمیں آئیڈیازدوہزارچوبیس کادورہ کیا جس کے بعد رات کو انہوں نے کراچی کی بزنس کمیونٹی سے بھی خطاب کیا۔

آئیڈیاز 2024 میں پاکستان کے جدید ترین ڈرون ”شاہپر تھری“ توجہ کا مرکز بن گیا۔

آرمی چیف نے کراچی میں تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے پاکستان کے روشن مستقبل پر کامل یقین ہے، مایوسی کے بادل آج چھٹ چکے ہیں، مایوسی مسلمان کے لیے حرام ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ آج پاکستان کی معیشیت کے تمام اعشاریے مثبت ہیں، اگلے برس تک انشاء اللہ مزید بہتر ہوں گے۔

آرمی چیف عاصم منیر کا کہنا تھا کہ ڈیفالٹ کی باتیں کرنے والے لوگ آج کدھر ہیں؟ کیا ان کو جواب دہ نہیں ٹھہرانا چاہیے؟

انہوں نے کہا کہ کوئی چیز بشمول سیاست ملک سے مقدم نہیں، ہم سب کو ذاتی مفاد پر پاکستان کو ترجیح دینی چاہیے، ریاست ماں کی طرح ہے، ریاست کی قدر لیبیا، عراق اور فلسطین کے عوام سے پوچھیں، یاد رکھیں! پاکستان کے علاوہ ہماری کوئی شناخت نہیں ہے۔

سربراہ پاک فوج نے کہا کہ جتنی بھی مشکلات ہوں اگر ہم سب مل کر کھڑے ہو جائیں تو کوئی کچھ بگاڑ نہیں سکتا، آپ اپنا پیسہ لے کر پاکستان آئیں، عوام بھی کمائے اور ملک بھی ترقی کرے، صرف پاکستانی ہی پاکستان کو ”بیل آؤٹ“ کے ذریعے معاشی استحکام دلا سکتے ہیں۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی پشت پناہی غیر قانونی کاروبار والے کرتے ہیں جن کے پیچھے مخصوص عناصر ہوتے ہیں، پاکستان کی ڈیجیٹل سرحدوں کی حفاظت اور عوام کی ڈیجیٹل سیکیورٹی ریاست کی ذمہ داری ہے۔

آئیڈیاز 2024 کا دورہ

آرمی چیف نے دورے کے دوران دوست ممالک کے دفاعی مینوفیکچررز کی فعال شرکت کو سراہا۔

نمائش میں کل 557 نمائش کنندگان شرکت کر رہے ہیں جن میں سے 333 بین الاقوامی نمائش کنندگان ہیں، جبکہ 224 ملکی نمائش کنندگان ہیں۔ 36 ممالک نے نمائش کنندگان کے اسٹالز لگائے جن میں سے 17 ممالک پہلی بار شرکت کر رہے ہیں۔

ایونٹ میں 53 ممالک کے 300 سے زائد غیر ملکی مندوبین نے شرکت کی اور نمائش اور پاکستان کی دفاعی صنعت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

نمائش کے دوران، آرمی چیف نے تقریب میں موجود غیر ملکی فوجی حکام اور دفاعی مندوبین کے ساتھ بامعنی بات چیت بھی کی۔

اس موقع کی ایک اہم بات گلوبل انڈسٹریل ڈیفنس سلوشنز (GIDS) پاکستان کی طرف سے تیار کردہ جدید ترین ڈرون (UAV) ”Shahpar-III“ (شاہپر تھری) کا افتتاح تھا۔

شاہپر تھری اعلیٰ درجے کی صلاحیتوں کا حامل ڈرون ہے، جو 35,000 فٹ کی آپریشنل اونچائی پر پرواز کی صلاحیت رکھتا ہے اور 24 گھنٹے سے زیادہ پرواز کرسکتا ہے۔

یہ ڈرون بموں، میزائلوں اور ٹارپیڈو سمیت وسیع پیمانے پر گولہ بارود لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

آئیڈیاز 2024 کا 12 واں ایڈیشن 19 نومبر کو شروع ہوا اور 22 نومبر 2024 کو اختتام پذیر ہوگا۔

قبل ازیں آرمی چیف کی کراچی آمد پر کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار نے پرتپاک استقبال کیا۔

Army Chief Asim Munir

Ideas 2024

Shahpar III