Aaj News

بدھ, نومبر 20, 2024  
18 Jumada Al-Awwal 1446  

پب جی نے ایک اور پاکستانی نوجوان کا گھر بسادیا، امریکی دلہنیا مل گئی

فلورز سارہ نے والدہ کے ساتھ چترال پہنچ کر شہاد حسین کو جیون ساتھی بنالیا۔
اپ ڈیٹ 20 نومبر 2024 08:24pm

آن لائن گیمنگ پلیٹ فارمز اور سوشل میڈیا ویب سائٹس دوستی اور محبت کو پروان چڑھانے کا انتہائی موثر ذریعہ ثابت ہوتی رہی ہیں۔ ان کی بدولت اب تک پاکستان میں بہت سے گھر بس چکے ہیں۔

کئی پاکستانی لڑکوں کو سوشل میڈیا پورٹلز اور آن لائن گیمنگ پلیٹ فارمز کی مہربانی سے ترقی یافتہ ممالک کی لڑکیاں جیون ساتھی کے روپ میں مل چکی ہیں۔

عالمگیر سطح پر مقبولیت سے ہم کنار چینی آن لائن گیم پب جی نے ایک اور گھر بسادیا۔ چترال کے 23 سالہ شہاد حسین کی دوستی امریکا کی 18 سالہ فلورز سارہ سے ہوئی۔ اس دوستی کو دونوں نے ازدواجی رشتے میں بدل لیا۔ فلورز سارہ نے پاکستان پہنچ کر شہاد حسین سے شادی کرلی۔

نکاح کی تقریب چترال کے نجی ہوٹل میں منعقد ہوئی۔ شاہی مسجد، چترال کے خطیب مولانا خلیق الزماں نے نکاح پڑھایا۔ نکاح لڑکی کی رضامندی سے ہوا اور نکاح کی تقریب میں اُس کی والدہ بھی شریک تھیں۔ فلورز سارہ کا نام بدلنے کی ضرورت نہیں پڑی کیونکہ سارہ اسلامی نام ہے۔

چترال کے علاقے مروئی کے باشندے رئیس الدین نے بتایا کہ شہاد حسین اور فلورز سارہ کی دوستی تین سال پرانی ہے۔ سارہ نے والدہ سے بات کی اور اُن کی رضامندی سے نکاح کیا ہے۔

شادی کی تقریب مقامی روایتی انداز سے منعقد کی گئی۔ لڑکی کو روایتی عروسی جوڑا پہنایا گیا جبکہ اُس کی والدہ کوتقریب کے لیے مقامی لباس میں تیار کیا گیا، تقریب میں دور افتادہ علاقوں کی خواتین نے بھی شرکت کی۔

Chitral

PUBG

AMERICAN GIRL

SHAHAD HUSSAIN