وی پی این پر پابندی کی بات کہیں نہیں ہوئی، چئیرمین اسلامی نظریاتی کونسل
اسلامی نظریاتی کونسل (سی آئی آئی) کے چئیرمین ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کا کہنا ہے کہ ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک (وی پی این) پر پابندی کی بات کہیں نہیں ہوئی۔
ڈاکٹر راغب نعیمی نے آج نیوز کے پروگرام “اسپاٹ لائٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وی پی این کو بند کرنے کی جو بات ہے یہ کونسل کی رائے تھی جو چھ اور سات جون 2023 کو کونسل کے اراکین نے منظور کی تھی۔ یہ سفارش کارروائی کا حصہ بنی اور پھر اس سفارش کو مختلف اداروں بشمول پی ٹی اے کو بھیج دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ چاہے آپ رجسٹر کرائیں یا بنا رجسٹر کئے وی پی این استعمال کریں، جب بھی غیر شرعی معاملات کیلئے استعمال کیا جائے گا تو غیر شرعی ہے، استثنائی صورت حال بہر حال ہمارے پاس موجود رہتی ہے۔
کیا حکومت وی پی این پر پابندی لگا رہی ہے؟ اس سوال کے جواب میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما ناصر بٹ نے کہا کہ بہت سے لوگوں نے اسے رجسٹر کرایا ہے۔ قانون موجود ہے، اگر کوئی اس کا غلط استعمال کرے گا تو قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا اور جواب دینا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ وی پی این کو بند نہیں کیا جا رہا ہے۔ مجھے نہیں لگتا کہ بند کرنے کے لئے کچھ ہے، لیکن قانون بنانا اور اسے قانون کے دائرے میں لانا اچھی بات ہے۔
Comments are closed on this story.