مراد سعید احتجاج میں آگئے تو عمران خان اور فیض حمید کو کوئی نہیں بچا سکے گا، فیصل واوڈا
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رہنما سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے یہ آخری کال ہے، اس کے بعد والا فیز سیکنڈ لاسٹ اور پھر آنے والا فیز لاسٹ ہوگا۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کے دوران فیصل واوڈا نے کہا کہ میرا چیلنج ہے عمران خان نومبر میں رہا نہیں ہوسکیں گے، ہمیشہ کی طرح تحریک انصاف کا یہ شو بھی فلاپ ہوگا۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ پی ٹی آئی اس وقت دھڑے بندی کا شکار ہے، اور ایک ایم پی اے 50 لوگ بھی لے کر آگیا تو میں اس کو سلام پیش کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ اس احتجاج میں ریاست 9 مئی کے مسنگ لوگوں کو تلاش کرے گی، اگر مراد سعید احتجاج میں آگیا تو پھر عمران خان اور فیض حمید کو کوئی بندہ بچا نہیں سکے گا۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ خیبرپختونخوا بھارت نہیں بلکہ پاکستان کا حصہ ہے، اگر کے پی میں کوئی تماشہ ہوا تو دھاوا بولنے میں دیر نہیں لگے گی۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کو مروانے کیلئے دھرنے میں لایا جارہا ہے، کے پی حکومت کی مشینری ہوگی، 6 یا 7 ہزار بندہ آجائے گا، نہ کوئی دھرنا ہوگا نہ بلبلہ پھٹے گا۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے یہ آخری کال ہے، لیکن اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے یہ شغل میلہ ہے، اس کے بعد والا فیز سیکنڈ لاسٹ اور پھر آنے والا فیز لاسٹ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی لیڈر شپ کو کہیں اس بار غائب نہ ہوجائے، پنجاب میں ن لیگ اور پی ٹی آئی کا پٹاخہ بجنے والا ہے، لوگ نہ بانی کی بہن اور نہ بیگم کو مانتے ہیں، وہ بانی کو ہی مانتے ہیں، ایک دھڑا بیگم صاحبہ کا، ایک بہن کا اور ایک کمپرومائزڈ پی ٹی آئی ہے۔
Comments are closed on this story.