تیسرا ٹی ٹوئنٹی: آسٹریلیا نے پاکستان کو سیریز میں کلین سوئپ کردیا
ہوبارٹ: ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آخری میچ میں بھی آسٹریلیا کے ہاتھوں پاکستان کو شکست ہوگئی۔ آسٹریلیا نے پاکستان کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے سیریز میں کلین سوئپ کردیا۔
پاکستان کے دیے گئے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی اننگز کا آغاز میتھیو شارٹ اور جیک فریسر مک گرک نے کیا تاہم شاہین آفریدی نے 16 کے مجموعے پر میتھیو شارٹ کو آؤٹ کر دیا اور 20 رنز پر جہانداد خان نے جیک فریسر کو بھی پویلین بھیج دیا۔
آسٹریلیا کے تیسرے کھلاڑی جوش انگلس 27 رنز بنا کر عباس آفریدی کا نشانہ بنے جو حارث رؤف کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
تین وکٹیں گرنے کے بعد مارکس اسٹوئنس اور ٹم ڈیوڈ نے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا، اسٹوئنس نے 27 گیندوں پر 5 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 61 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی جبکہ ٹم ڈیوڈ 7 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
آسٹریلیا کے شہر ہوبارٹ میں کھیلے جارہے ٹی20 سیریز کے آخری میچ میں پاکستانی ٹیم 20 اوورز بھی نہ کھیل سکی اور پوری ٹیم 18.1 اوور میں 117 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئی، پاکستان کے 7 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔
پاکستان کی بیٹنگ
اس سے قبل قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغاز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہ ہوا، پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز صاحبزادہ فرحان اور بابر اعظم نے کیا لیکن صاحبزادہ فرحان ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئے اور 17 اسکور پر صرف 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد بابر اعظم اور حسیب اللہ کے درمیان دوسری وکٹ پر 44 رنز کی شراکت قائم ہوئی اور ٹیم کا اسکور 61 تک پہنچا تو حسیب اللہ بھی 24 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
حسیب اللہ کے آؤٹ ہوتے ہی پاکستان کی تیسری وکٹ 64 اور چوتھی وکٹ 70 رنز پر گر گئی، دوسرے ٹی 20 میں متعدد مواقع ملنے کے بعد نصف سنچری بنانے والے عثمان خان بھی ناکام رہے، وہ صرف 3 رنز بنانے کے غیر ضروری شارٹ مارتے ہوئے آؤٹ ہوگئے۔
محمد رضوان کی جگہ ٹیم کی قیادت کرنے والے سلمان علی آغاز تینوں ٹی 20 میں ناکام رہے، وہ پہلے میچ میں 4، دوسرے میں صفر اور تیسرے میچ میں 9 گیندوں پر صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔
بابراعظم کچھ دیر تک مزاحمت کرتے رہے لیکن 41 رنز پر ان کی ہمت بھی جواب دے گئی اور وہ 91 کے اسکور پر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے جبکہ بابر کے آؤٹ ہوتے ہی ایک بار پھر وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
عرفان خان 10 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے، اس کے علاوہ شاہین شاہ آفری نے کچھ مزاحمت دکھائی لیکن وہ بھی صرف 16 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
ٹی 20 ڈیبیو کرنے والے جہانداد خان چھکا لگانے کی کوشش میں باؤنڈر پر کیچ آؤٹ ہو گئے، انہوں نے 5 رنز اسکور کیے، اس کے علاوہ سفیان مقیم اور عباس آفریدی ایک رن بناکر پویلین لوٹے۔
اس طرح آسٹریلیا کے خلاف تیسرے میچ میں بھی پاکستانی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام ہوئی اور پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز بھی نہ کھیل سکی اور 19 ویں اوورز میں 117 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور آسٹریلیا کو جیت کے لیے 118 رنز کا ہدف مل گیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے ایرون ہارڈی 3، ایڈم زامپا اور اسپینسر جانسن 2،2 جبکہ نیتھن ایلس ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
میچ کا ٹاس
اس سے قبل 3 میچوں پر مشتمل ٹی 20 سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے خود بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔
پاکستان نے تیسرے ٹی 20 کے لیے اپنے کپتان محمد رضوان کو آرام دیا ہے اور ان کی جگہ نائب کپتان سلمان علی آغا قیادت کے فرائض انجام دے ہیں، اس کے علاوہ ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
محمد رضوان کی جگہ حسیب اللہ وکٹ کیپنگ کریں گے جبکہ فاسٹ بولر نسیم شاہ کی جگہ جہانداد خان کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا ہے، وہ قومی ٹیم کے لیے ڈیبیو کریں گے۔
پاکستان ٹیم
پاکستان ٹیم میں سلمان علی آغا (کپتان)، صاحبزادہ فرحان، حسیب اللہ (وکٹ کیپر)، بابر اعظم، عثمان خان، محمد عرفان خان، عباس آفریدی، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، جہانداد خان اور صفیان مقیم شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹی20 میچ بارش سے متاثر ہوگیا تھا جس کے باعث میچ (7 اوورز فی اننگز) تک محدود کردیا گیا تھا جس میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 29 رنز سے شکست دی تھی۔
دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میں آسٹریلیا نے پاکستان ٹیم کو 13 رنز سے شکست دی تھی، قومی ٹیم 148 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 134 رنز پر پویلین لوٹ گئی جبکہ دوسرے میچ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی ناقص فیلڈنگ اور سلو بیٹنگ شکست کا سبب بنی، جس کے بعد تین ٹی 20 میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا کو دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔
سابق کپتان بابر اعظم کی کار کردگی بدستور خراب ہے تاہم کپتان رضوان پر امید ہیں کہ تیسرے میچ میں جیت پاکستان کی ہوگی۔
Comments are closed on this story.