Aaj News

پیر, نومبر 18, 2024  
15 Jumada Al-Awwal 1446  

ٹرمپ کا افغانستان سے بےعزتی بھرے انخلا کے ذمہ دار فوجی افسران کے کورٹ مارشل کا فیصلہ

بے ہنگم انخلا پر امریکا کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا، کابل ایئر پورٹ پر پانچ افراد ہلاک ہوئے تھے۔
شائع 17 نومبر 2024 09:50pm

دوسری بار امریکا کا صدر منتخب ہونے والے ڈونلڈ ٹرمپ نے افغانستان سے امریکی فوج کے ذلت آمیز انخلا کے ذمہ دار جرنیلوں اور دیگر حکام کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے این بی سی نیوز نے ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ 2021 میں افغانستان سے امریکی افواج کے مکمل انخلا کی چھان بین کے لیے کمیشن قائم کرنے پر غور کر رہے ہیں اور اس حوالے سے انہوں نے اپنے ساتھیوں سے مشاورت بھی کی ہے۔

ذرائع کا دعوٰی ہے کہ جن لوگوں نے امریکی افواج کے افغانستان سے تضحیک و ذلت آمیز انخلا کی راہ ہموار کی تحقیقات کے ذریعے اُن کا تعین کیا جائے گا اور پھر اُن پر غداری سمیت کئی دفعات کے تحت مقدمہ چلایا جائے گا۔

افغانستان میں چھوڑا ہوا امریکی اسلحہ غیر محفوظ، خطے کے لیے بڑا خطرہ

واضح رہے کہ صدر جو بائیڈن نے جب افغانستان پر طالبان تنظیم کے دوبارہ اقتدار کو ناگزیر قرار دیا تھا تب امریکی افواج خاصے غیر منظم اور ناموزوں طریقے سے افغانستان سے نکلی تھیں۔ امریکا کے اس طور بے ڈھنگے انخلا کو دنیا بھر میں ہدفِ تنقید بنایا گیا تھا۔

امریکی افواج کے بے ہنگم انخلا سے افغانستان میں خاصا انتشار پھیلا تھا۔ جن لوگوں نے امریکی فوج کے لیے کام کیا تھا وہ شدید خوفزدہ تھے کہ اب طالبان دوبارہ اقتدار میں آئے ہیں تو ان تمام افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی جنہوں افغانستان پر امریکی قبضے کے دوران اُس کی مدد کی تھی۔ ایسے میں کابل ایئر پورٹ پر طیارے میں سوار ہونے کے لیے لوگوں نے خاصی ہڑبونگ مچائی تھی۔ اس کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔ ایک دو افراد طیارے کے پہیوں میں بھی بیٹھ گئے تھے اور جب طیارے نے ٹیک آف کیا تو گرکر ہلاک ہوگئے تھے۔

afghanistan

US EVACUATION

INSULTING NATURE

TRUMP ADMINISTRATION