Aaj News

اتوار, نومبر 17, 2024  
15 Jumada Al-Awwal 1446  

حکومتی دھوکے سے دل برداشتہ بلاول کو منانے کی ذمہ داری اسحاق ڈار کو سونپ دی گئی

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار جلد ہی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کریں گے، بیرسٹر عقیل ملک
اپ ڈیٹ 17 نومبر 2024 09:55pm

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے موجودہ حکومت کی اہم اتحادی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی جانب سے بعض امور پر تحفظات سامنے آنے پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو خصوصی ٹاسک سونپ دیا ہے۔

وزیر اعظم نے بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے ظاہر کیے جانے والے بعض تحفظات دور کرنے کی ذمہ داری نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو سونپی ہے۔

کراچی میں بلاول ہاؤس میڈیا سیل میں گفتگو کے دوران چیئرمین پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ (ن) پر 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد وعدوں سے انحراف کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

بلاول بھٹو نے کہا تھا کہ وفاقی حکومت نے آئین سازی کے وقت برابری کی باتیں کیں، لیکن آئین سازی کے وقت حکومت اپنی باتوں سے پیچھے ہٹ گئی، دیہی سندھ سے ججز ہوتے تو برابری کی بات کرتا، جوڈیشل کمیشن میں ہوتا تو آئینی بینچ میں فرق پر بات کرتا، میں جوڈیشل کمیشن سے احتجاجاً الگ ہوا۔

نجی ٹی وی ڈان نیوز کے پروگرام ”دوسرا رُخ“ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے بتایا کہ شہباز شریف نے اسحاق ڈار کو پیپلز پارٹی کی قیادت سے رابطہ کرنے اور اتحادی جماعت کے تحفظات دور کرنے کی ہدایت کی ہے۔

بیرسٹر عقیل ملک کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار جلد ہی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ غلط فہمیوں کی وجہ سے بلاول کے یہ تحفظات پیدا ہوسکتے ہیں۔

Ishaq Dar

Bilawal Bhutto Zardari