بھارت میں شوٹنگ کے دوران کیمرا اسسٹنٹ کی موت، پروڈکشن ہاؤس واقعہ چھپانے لگا
بھارت کے معروف ٹی وی شو انوپما کی شوٹنگ کے دوران ایک کیمرا اسسٹنٹ کرنٹ لگنے سے ہلاک ہوگیا تاہم پروڈکشن ہاؤس اس واقعے کو چھپانے کی کوشش کر رہا ہے۔
32 سالہ وِنیت کمار منڈل کا تعلق بہار سے تھا۔ وہ 14 نومبر کو شو کی شوٹنگ کے دوران تکنیکی آلات کا آپریشن دیکھ رہا تھا کہ غلطی سے ایک ننگے تار کو پکڑ لیا جس میں کرنٹ تھا۔ اُسے فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں اُس نے طبی امداد فراہم کیے جانے کے دوران دم توڑ دیا۔
انوپما کی شوٹنگ راجن شاہی کے ادارے ڈائریکٹرز کٹ پروڈکشنز کے تحت ہوتی ہے۔ اس ادارے نے ونیت کمار منڈل کی ہلاکت کے حوالے سے اب تک کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا ہے۔ آل انڈیا سِنے ورکرز ایسوسی ایشن کے صدر سُریش گپتا نے کیمرا اسسٹنٹ کی ہلاکت پر پروڈکشن ہاؤس کی خاموشی کی شدید مذمت کی ہے۔
سریش گپتا نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ انوپما نامی شو کے پیرنٹ ادارے اور فلم سٹی کے ذمہ داران کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے اور ونیت کمار منڈل کے ورثا کو مجموعی طور پر ایک کروڑ روپے کا ہرجانہ دلوایا جائے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ شوٹنگ کے دوران ورکرز کی سلامتی پر توجہ نہیں دی جاتی اور انہیں کیڑے مکوڑوں کی طرح ٹریٹ کیا جاتا ہے۔
Comments are closed on this story.