وزیراعظم نے گندم خریداری کا منصوبہ تیار کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی
وزیراعظم شہباز شریف نے گندم خریداری کا منصوبہ تیار کرنے کے لیے وزیر خزانہ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی، مذکورہ کمیٹی آئی ایم ایف کے نقطہ نظر کو پیش رکھتے ہوئے کام کرے گی۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے گندم کی خرداری کا منصوبہ تیار کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی، گندم خریداری کے لیے بنائی گئی کمیٹی کے سربراہ وزیر خزانہ ہوں گے۔
کمیٹی کے دیگر اراکین میں وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ، وزیر تجارت اور وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور اور بین الصوبائی رابطہ رانا ثنا اللہ بھی شامل ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ کمیٹی عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے نقطہ نظر کو پیش نظر رکھتے ہوئے کام کرے گی۔
کمیٹی گندم کی مارکیٹ کے موجودہ ریگولیٹری فریم ورک کا جائزہ لے گی تاکہ ملک میں گندم کی دستیابی اور قیمتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ربیع 25-2024 کے لیے گندم کی پالیسی کی سفارشات تیار کرے تاکہ خریداری کو حتمی شکل دی جا سکے۔
یہ پالیسی اسٹیک ہولڈرز اور صوبوں کے ساتھ مشاورت کے بعد تمام متعلقہ امور جس میں امدادی قیمت، وفاقی حکومت اور صوبوں کی جانب سے گندم کی خریداری کی سفارشات، گندم کی دستیابی اور قیمتوں کے استحکام کو یقینی بنائے گی۔
Comments are closed on this story.