بھارتی کرکٹر نے ٹی 20 میں نئی تاریخ رقم کردی
بھارتی کرکٹر سنجو سیمسن نے ٹی 20 انٹرنیشنلز میں وہ کارنامہ سرانجام دے دیا جو آج تک دنیا کا کوئی بھی نہ کرسکا۔
جمعے کو بھارت نے جنوبی افریقا کو چوتھے ٹی 20 انٹرنیشنلز میں 135 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر سیریز 1-3 سے اپنے نام کرلی تھی۔
جوہانسبرگ میں کھیلے گئے سیریز کے آخری میچ میں بھارتی بیٹرز نے جنوبی افریقی بولرز کا بھرکس نکالا، چوکے چھکوں کی بارش کردی اور مقررہ 20 اوورز میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 283 رنز بنا ڈالے۔
بھارت کی جانب سے تلک ورما نے 47 گیندوں پر 120 اور سنجو سیمسن نے 56 گیندوں پر 109 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، یہ تلک ورما کی مسلسل دوسری ٹی 20 سنچری تھی جبکہ سنجو سیمسن کی گزشتہ 5 ٹی 20 انٹرنیشنل اننگز میں تیسری سنچری تھی۔
جنوبی افریقا کے خلاف سنجو سیمسن نے ٹی 20 کی نئی تاریخ بھی رقم کی، جنوبی افریقا کے خلاف 109 رنز بنانے والے سنجو سیمسن ایک کلینڈر ایئر میں 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سنچری اسکور کرنے والے دنیا کے پہلے کرکٹر بن گئے۔
اس کے علاوہ سنجو 2 سے زیادہ ٹی 20 انٹرنیشنل سنچری اسکور کرنے والے تیسرے بھارتی بیٹر بھی ہیں، ان سے قبل روہت شرما اور سوریا کمار یادیو 2 سے زیادہ سنچریاں اسکور کر چکے ہیں۔
دوسری جانب تلک ورما مسلسل 2 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں سنچری اسکور کرنے والے دنیا کے پانچویں بیٹر بن گئے، اس کے علاوہ ازیں جنوبی افریقا کے خلاف چوتھے ٹی ٹوئنٹی میں سنجو اور تلک ورما کے درمیان 210 رنز کی شراکت بنی جو اس فارمیٹ میں بھارت کی جانب سے کسی بھی وکٹ پر سب سے بڑی شراکت ہے، 284 رنز کے ہدف کے تعاقب میں میزبان ٹیم صرف 148 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سنجو سیمسن کے والد نے بھارت کے اسٹارز کرکٹرز پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ویرات کوہلی، ایم ایس دھونی، راہول ڈریوڈ اور روہت شرما جیسے کھلاڑیوں نے میرے بیٹے کو کھیلنے کا موقع نہ دے کر کر اس کے کیرئیر کے 10 قیمتی سال ضائع کردیے۔
Comments are closed on this story.