امریکی ایٹمی آبدوز نارویجین مچھوارے کے جال میں پھنس گئی
ناروے کے پانیوں میں اپنی نوعیت کا عجیب واقعہ رونما ہوا ہے۔ 7800 ٹن وزن کی ایک ایٹمی آبدوز یو ایس ایس ورجینیا ایک مچھیرے کےجال میں پھنس گئی۔
ناروے کا مچھیرا 3 ارب 38 کروڑ ڈالر مالیت کی ایٹمی آبدوز دیکھ کر حیران رہ گیا۔ یہ نوجوان مچھیرا 10 میٹر لمبی کشتی میں شکار کر رہا تھا۔ یہ واقعہ ٹرامز کے پانیوں میں رونما ہوا۔
امریکا کی ایٹمی آبدوز کم و بیش 115 میٹر لمبی ہے۔ جب یہ نارویجین مچھیرے کے جال میں پھنسی تو اُس کی کوشش کو 2 ناٹیکل میل دور تک گھسیٹتی ہوئی لے گئی۔
مچھیرے کو اسی وقت کوسٹ گارڈز کی طرف سے ارجنٹ ریڈیو میسیج ملا۔ 22 سالہ کیپٹن ہیرالڈ اینگن نے این آر کے ٹرامز میڈیا کو بتایا کہ ہمارے دوسرے شکار کی تیاری کر ہی رہے تھے کہ کوسٹ گارڈز کا پیغام موصول ہوا۔ بعد میں ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں امریکی سفارت خانے نے تصدیق کردی کہ یو ایس ایس ورجینیا اُسی علاقے میں تھی۔
1999 میں ایسے ہی ایک واقعے میں برطانیہ کی آبدوز ایک ماہی گیر کشتی سے ٹکرانے کے بعد ڈوب گئی تھی اور عملے کے چار افراد ہلاک ہوگئے تھے۔