مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں اور اقلیتی برادری کے درمیان احترام کی فضا قائم ہے، میر واعظ
حریت کانفرنس کے رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی تاریخ فرقہ وارانہ بھائی چارے کی شاندار مثالیں پیش کرتی ہے، یہاں مسلمانوں اور اقلیتی برادری کے درمیان اعتماد اور احترام کی فضا قائم رہی ہے۔
سرینگر کی تاریخی جامع مسجد میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سکھ کمیونٹی کو ان کے مذہبی تہوار گرو پورب کی مبارک باد دی اور کہا کہ کشمیر کی سکھ برادری نے انتہائی مشکل حالات میں مسلمانوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہونے کا مظاہرہ کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انہوں نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ سکھوں نے چھٹی سنگھ پورہ کے المناک واقعے کے دوران بھی مسلمانوں کے ساتھ بھائی چارے کو نبھایا۔
دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے اہلکاروں کی جانب سے مسلسل محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اہلکار گھروں پر چھاپوں کے دوران نہتے کشمیریوں کو ہراساں کیا۔
بھارتی فوجی گھر کی قیمتی اشیا اور سامان کی لوٹ مار میں بھی ملوث ہیں۔ چھاپوں کے دوران، نہتے کشمیریوں کو خوف و دہشت کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، اور انہیں بھارتی فوج اور پولیس کے مخبر بننے پر مجبور کیا جاتا ہے۔