چاہے مہنگے ترین کپڑے پہن لوں عماد عرفانی جیسا نہیں دِکھ سکتا، فہد مصطفیٰ
”کبھی میں کبھی تم“ فیم اداکار اور پروڈیوسر فہد مصطفی نے اپنے ساتھی فنکار عماد عرفانی کی خوبصورتی اور پر کشش شخصیت کی تعریف میں زمین آسمان ایک کردیے۔
فہد مصطفی نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں اپنے کیریئر اور انڈسٹری کے متعلق کھل کر بات کی۔
فہد مصطفیٰ نے “کبھی میں کبھی تم “میں کام کیوں کیا؟
فہد مصطفی نے کہا کہ انہوں نے اب تک جتنے بھی ڈرامے بنائے ہیں ان میں ہمیشہ اپنے ہیروز کو خود سے زیادہ اچھا پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔
ساتھی فنکار عماد عرفانی کی تعریف کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عماد عرفانی انتہائی ہینڈسم اوراسمارٹ ہے۔ انہوں نے انٹڑنیشنل برینڈز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ میں چاہے ”آرمانی“ پہن لوں ”لوئی ویٹان“ پہن لوں عماد جیسا نہیں دکھ سکتا۔
فہد نے عماد عرفانی کو کسی یونانی دیوتا کی مانند قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں خواہ سیدھا سادہ سپر مین کا کاسٹیوم بھی پہنا دیا جائے وہ پھر بھی جچیں گے اور یہ ایک حقیقت ہے۔
اداکار نے مزید کہا کہ ان میں ان سیکیورٹی نہیں تھی کہ کوئی اور ان سے زیادہ اچھا لگ رہا ہے یا وہ ان سے زیادہ خوبصورت ہے کیونکہ بہت سے لوگ یہاں آکر پھنس جاتے ہیں کہ وہ ہم سے زیادہ اچھا لگ رہا ہے۔ لیکن ہمیں جو کام کرنا تھا ہم نے کیا۔
فہد نے مزید بتایا کی ڈرامے میں عماد اچھے لگے اور اچھا لگنا ا ن کے کردار کی ڈیمانڈ تھی۔ مجھے جیسا نظر آنا تھا میں نے ویسا ہی کیا تو ہم اس جنگ میں نہیں پڑے اور نہ ہی ایک دوسرے کے کردار کو کاٹنے کی کوشش کی۔
فہد مصطفی نے کہا کہ میرا عماد سے بہت پیار ہے وہ ایک اچھی شخصیت کا مالک ہے وہ دل کا بھی اچھا ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ وہ تعریف کا مستحق ہے۔
یاد رہے کہ عماد عرفانی اور فہد مصطفی حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والی ہٹ ڈرامہ سیریل ”کبھی میں کبھی تم“ میں دو بھائیوں کے اہم کردار تھے۔ ڈرامہ میں فہد مصطفی ایک غیر ذمہ دار اور لاابالی نوجوان کے روپ میں نظر آئے عماد عرفانی نے اس کے برعکس ایک پڑھے لکھے، ہینڈسم اور پرکشش مگر کسی حد تک لالچی شخص کا کردار نبھایا۔