Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

ملک بھر کی تمام مساجد میں جمعہ کو نماز استسقاء کی ادائیگی کا سرکاری حکمنامہ جاری

وفاق اور صوبوں کے زیر اہتمام تمام مساجد میں نماز استسقاء کا اہتمام کیا جائے، وزیراعظم
شائع 14 نومبر 2024 11:48pm

وزیراعظم شہباز شریف نے باران رحمت کے لیے قوم سے نماز استسقاء ادا کرنے کی درخواست کردی ہے۔

وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ قوم سے درخواست ہے نماز استسقاء ادا کرے اور اللہ تعالیٰ سے باران رحمت کے لیے خصوصی دعا مانگی جائے، علمائے کرام اور مشائخ عظام خاص طور پر نماز استسقاء کے اہتمام میں اپنا کردار ادا کریں۔

وزیراعظم نے کہا کہ بارش برسنے سے ماحول میں بہتری آئے گی، بیماریوں سی نجات ملنے میں بڑی مدد مل سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے حضور خصوصی دعائیں کی جائیں تاکہ انسانی زندگی کو اس تکلیف سے نجات مل سکے، وفاق اور صوبوں کے زیر اہتمام تمام مساجد میں نماز استسقاء کا اہتمام کیا جائے، موجودہ صورت حال میں باران رحمت کی شدید ضرورت ہے۔

دریں اثنا چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ راغب حسین نعیمی نے بھی عوام الناس سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ موسم کی موجودہ صورتحال اور شدت کے باعث شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ تمام مسلمان کل بعد نماز جمعہ خصوصی طور پر نماز استسقاء ادا فرمائیں اور دعا کریں کہ اللہ پاک سموگ اور موسم کی سختی کو بارش کے ذریعے دور فرما دیں۔

وزارت مذہبی امور نے بھی وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر کل جمعہ کے روز نماز استسقاء کے اہتمام کا سرکلر جاری کر دیا۔

سرکلر کے مطابق جمعہ 15 نومبر کو وفاقی اور صوبائی سطح پر نماز استسقاء کا اہتمام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

چاروں صوبوں، گلگت، آزاد کشمیر کے سیکرٹری اوقاف کو سرکلر پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ حالیہ خشک سالی سے ملک بھر میں صحت اور سموگ کے مسائل پیدا ہو رہے ہیں، ساجد کے پیش امام اور عوام مسنون صلاۃ الاستسقاء کا لازمی اہتمام کریں، عوام الناس اللہ رب العزت سے خصوصی مغفرت طلب کرتے ہوئے باران رحمت کی دعا کریں۔

PM Shehbaz Sharif

Namaz e Istasqa