وزیراعظم نے آذربائیجان کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی پیش کش کر دی
باکومیں وزیراعظم شہباز شریف نے کلائمیٹ ایکشن سربراہی اجلاس (کوپ 29) کی سائیڈ لائن پر آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ملاقات کی اور پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی پیش کش کی ہے،وزیر اعظم دورہ مکمل کرکے وطن واپس روانہ ہوگئے ہیں۔
وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیرِ اعظم کی عالمی رہنماؤں کے کلائمیٹ ایکشن سربراہی اجلاس (COP-29) کے موقع پر آذربائیجان کے صدر سے ملاقات ہوئی ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے باکو میں ورلڈ لیڈرز کلائمیٹ ایکشن سمٹ کے کامیاب انعقاد پر صدرعلیوف کو مبارکباد دی۔
انہوں نے ماحولیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے چیلنجز سے نمٹنے اور اس حوالے سے بین الاقوامی تعاون کو بڑھانے کے صدر علیوف کے وژن اور عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان زہریلی گیسوں کے اخراج میں معمولی حصہ ہونے کے باوجود موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے. انہوں نے آذربائیجان اور عالمی برادری کے ساتھ ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق چیلنجز پر کام کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا.
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور آذر بائیجان کے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا،رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور دیگر علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان مختلف شعبوں بالخصوص اقتصادی اور دفاعی تعاون میں اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے اور عوامی روابط کے ساتھ ساتھ ثقافتی تعلقات کی مضبوطی کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان اور آذربائیجان کے مابین مضبوط تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ٹیکنالوجی، قابل تجدید توانائی میں مشترکہ منصوبوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
دریں اثنا وزیرِاعظم پاکستان نے اپنے دورہ آذربائیجان میں کاپ-29 کلائیمیٹ ایکشن سربراہی اجلاس میں شرکت کے دوران ڈنمارک ،چیک ریپبلک کے وزرااعظم سے بھی دوطرفہ ملاقاتیں کیں۔
سربراہی اجلاس میں وزیرِاعظم برطانوی وزیرِاعظم،متحدہ عرب امارات ،تاجکستان،ازبکستان،قزاقستان،نیپال کے صدورسے غیر رسمی ملاقاتیں بھی ہوئیں،شہباز شریف نےعالمی رہنماؤں کو ماحولیاتی تبدیلی کےخطرے سےپاکستان کی مشکلات سے آگاہ کیا۔
علاوہ ازیں وزیرِاعظم شہباز شریف اپنا 3روزہ دورہ آذربائیجان مکمل کرکے پاکستان روانہ ہوگئے ہیں،آذربائیجان کے وزیرِ انصاف فرید احمدوف نے وزیرِ اعظم کو باکو ایئر پورٹ پر الوداع کیا۔