Aaj News

جمعرات, نومبر 14, 2024  
11 Jumada Al-Awwal 1446  

شہرت بٹورنے کے لیے سلمان خان کو دھمکی دینے والا یوٹیوبر گرفتار

کرناٹک کا 26 سالہ سہیل پاشا خود کو سلمان کی فلم 'سکندر' کا نغمہ نگار بھی بتاتا ہے۔
شائع 13 نومبر 2024 05:09pm

محض شہرت بٹورنے کی خاطر بالی وُڈ اسٹار سلمان خان کو دھمکانے والے یوٹیوبر کو ممبئی پولیس نے گرفتار کرلیا۔ 26 سالہ سہیل پاشا کا دعوٰی ہے کہ سلمان خان کی فلم ’سکندر‘ کا ٹائٹل سانگ ’میں ہوں سکندر‘ اُسی کی تخلیق ہے۔

سہیل پاشا کا تعلق جنوبی بھارت کی ریاست کرناٹک کے علاقے رائیچور سے ہے۔ اُس نے ممبئی ٹریفک پولیس کو ایک ایس ایم ایس بھیجا تھا جس میں کہا تھا کہ اگر سلمان خان نے پانچ کروڑ روپے نہ دیے تو اُسے قتل کردیا جائے گا۔

ساتھ ہی ساتھ اُس نے یہ بھی کہا تھا کہ اگر سلمان نے پیسے نہ دیے تو اُس کی فلم کے نغمہ نگار کو بھی قتل کردیا جائے گا۔

پولیس نے تحقیقات کی تو نمبر کرناٹک کا نکلا۔ یاد رہے کہ آج کل بھارت میں بالی وڈ کے اسٹار کو دھمکیاں دینے کا سیزن چل رہا ہے۔ یہ سیزن بشنوئی گینگ کی مہربانی کا نتیجہ ہے جو سلمان خان کو ایک چوتھائی صدی سے دھمکیاں دیتا آرہا ہے۔

گزشتہ ماہ ممبئی کے معروف سیاست دان اور سابق ریاستی وزیر ضیاء الدین عبدالرحمٰن عرف بابا صدیقی کے قتل کے بعد بالی وڈ اسٹارز کو دھمکیاں دینے کا سلسلہ زور پکڑ گیا ہے۔ شاہ رخ خان کو بھی دھمکیاں دی گئی ہیں۔

بشنوئی گینگ نے بابا صدیقی کے قتل کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کالے ہرن کی ہلاکت کو کسی بھی طور نہیں بھول سکتا۔

سلمان خان نے 1998 میں دو کالے ہرن مار ڈالے تھے۔ ہریانہ اور راجستھان میں بسنے والی بشنوئی برادری کالے ہرن کی پوجا کرتی ہے۔

YouTuber arrested

bishnoi gang

SUHEL PASHA

THREATENED SALMAN KHAN