Aaj News

جمعرات, دسمبر 26, 2024  
24 Jumada Al-Akhirah 1446  

آسٹریلیا کیخلاف تاریخی فتح کے بعد شاہین شاہ آفریدی ون ڈے کے نمبر ون بولر بن گئے

ون ڈے بیٹرز کی رینکنگ میں بابراعظم کا پہلا نمبر برقرار ہے
شائع 13 نومبر 2024 02:41pm

آسٹریلیا کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر 22 سال بعد ون ڈے سیریز میں شکست دینے کے بعد پاکستانی بیٹرز اور بولرز کی ون ڈے رینکنگ میں بہتری آگئی، بولر رینکنگ میں شاہین شاہ آفریدی اور بیٹرز رینکنگ میں بابر اعظم پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے کی نئی پلیئر رینکنگ جاری کردی، جس کے تحت ون ڈے بیٹرز اور بولرز کی نمبر ون پوزیشن پر پاکستان کے کھلاڑی براجمان ہیں۔

پاکستان کے بابر اعظم نمبر ون بیٹر کی پوزیشن پر برقرار ہیں جبکہ شاہین آفریدی 3 درجے ترقی کے بعد نمبر ون پوزیشن پر آئے ہیں۔

آسٹریلیا کے خلاف حالیہ ون ڈے سیریز کے دوران شاہین شاہ آفریدی نے بہترین بولنگ کرتے ہوئے 8 وکٹیں حاصل کی تھیں، انہوں نے سال بھر کے طویل وقفے کے بعد بولرز کی رینکنگ میں دوبارہ پہلا نمبر حاصل کیا ہے۔

افغانستان کیخلاف صفر پر آؤٹ ہونے کے باوجود بابر اعظم نمبر ون بلے باز

شاہین شاہ آفریدی نے اپنی بہترین بولنگ سے جنوبی افریقا کے اسپنر کیشو مہاراج کو تیسری نمبر پر دھکیل دیا تاہم افغانستان کے لیگ اسپنر راشد خان دوسرے نمبر پر براجمان ہیں۔

اس کے ساتھ آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں 10 وکٹیں حاصل کرنے والے حارث رؤف 14 درجے بہتری کے بعد 13ویں پوزیشن پر پہنچ گئے، حارث رؤف کو پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ بھی دیا گیا تھا۔

ون ڈے بیٹرز رینکنگ

دوسری جانب ون ڈے بیٹرز کی رینکنگ میں 825 پوائنٹس کے ساتھ پاکستان کے تجربے کار بلے باز بابراعظم کا پہلا نمبر برقرار ہے، اس فہرست میں بھارت کے روہت شرما دوسرے، شبمن گل تیسرے اور ویرات کوہلی کی چوتھی پوزیشن برقرار ہے۔

ون ڈے آل راؤنڈرز رینکنگ

ون ڈے آل راؤنڈرز رینکنگ میں افغانستان کے محمد نبی کی پہلی پوزیشن برقرار ہے جب کہ زمبابوے کے سکندر رضا دوسری اور راشد خان ایک درجہ بہتری کے بعد تیسری پوزیشن پر آگئے ہیں۔

نئی ٹیسٹ رینکنگ: کس کھلاڑی نے بابر اعظم سے تیسری پوزیشن چھینی؟

واضح رہے کہ پاکستان نے 22 سال بعد آسٹریلیا کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر ون ڈے سیریز میں شکست دیکر سیریز 1-2 سے اپنے نام کی تھی۔

babar azam

ICC

Shaheen Shah Afridi

ODI Ranking

Baber Azam

icc odi ranking

INTERNATIONAL CRICKET COUNCIL (ICC)