Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ہرنائی میں ایس ایس پی کی گاڑی پر فائرنگ، گن مین زخمی

زیارت ہرنائی مین روڈ پر شر پسندوں نے کوئلے سے لدے ہوئے تین ٹرک نذرِ آتش کردیے۔
شائع 09 نومبر 2024 07:42pm

بلوچستان میں ہرنائی زیارت مین روڈ پر مانگی کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد نے ایسے کئی ٹرکوں کو آگ لگادی جن پر کوئلہ لدا ہوا تھا۔ یہ ٹرک ہرنائی کے علاقے شاہرگ کھوسٹ سے کوئلہ لارہے تھے۔

مسلح افراد نے تین ٹرکوں کو آگ لگائی اور شدید فائرنگ کی۔ ڈپٹی کمشنر زیارت لیاقت علی کاکڑ کے مطابق ایس پی ہرنائی کے گاڑی پر بھی فائرنگ کی گئی، ایس ایس پی ہرنائی تو محفوظ رہے تاہم ان کا گن مین زخمی ہوگیا۔

پولیس نے علاقے میں کئی مقامات پر سرچ آپریشن کیا ہے تاکہ اس واقعے کے ذمہ داروں کو گرفتار کیا جاسکے۔ شر پسند ان علاقوں میں مال بردار گاڑیوں کو لوٹنے یا آگ لگانے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔ کئی مقامات پر مقابلے بھی ہوئے ہیں۔ یاد رہے کہ بلوچستان میں غیر مقامی مزدوروں پر حملے بھی ہو رہے ہیں جن میں متعدد افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ شر پسندوں اور دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔

SSP

HARNAI ZIYARAT ROAD

THREE TRUCKS SET ON FIRE

GUNMAN WOUNDED