یوٹیوب سے دیکھ کر ’حقیقی‘ جعلی کرنسی نوٹ چھاپنے والے گرفتار
یوٹیوب ویڈیو دیکھ کر جعلی کرنسی نوٹ چھاپنے والے ملزمان کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
واقعہ انڈیا کی ریاست اتر پردیش میں پیش آیا جب پولیس نے جعلی کرنسی نوٹس چھاپ کر بازاروں سے خریداری کرنے والے دو ملزمان کو موقع پر گرفتار کرلیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سون بھدرا ضلع میں جعلی کرنسی نوٹس بنانے اور 30 ہزار مالیت کے جعلی نوٹوں کو بازاروں میں استعمال کرنے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے فوری کارروائی کا آغاز کیا۔
رپورٹ کے مطابق ملزم ستیش رائے اور پرمود مشرا کمپیوٹر پرنٹر پر 10 روپے کے اسٹامپ پیپر پر 500 روپے کے جعلی نوٹس چھاپتے تھے، ملزمان نے مرزا پور سے اسٹامپ پیپر خریدے تھے۔
پولیس نے بتایا کہ تمام جعلی نوٹوں پر ایک ہی سیریل نمبر پرنٹ تھا جس کے باعث ملزمان کو پکڑنے میں مدد ملی۔
ملزمان سون بھدر کے رام گڑھ بازار میں جعلی کرنسی نوٹوں کے ذریعے مزید 10 ہزار روپے کی خریداری کرنے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔
ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کالو سنگھ نے بتایا کہ 500 روپے کے 20 جعلی نوٹ برآمد ہوئے ہیں، دکانداروں میں سے کوئی جعلی نوٹوں کو شناخت نہیں کر سکا کہ یہ اصلی ہیں یا پھر نقلی۔
پولیس کے مطابق تفتیش کے دوران ملزمان نے بتایا کہ انہوں نے یوٹیوب پر ویڈیوز دیکھ کر جعلی نوٹس بنائے۔
جعلی کرنسی نوٹوں کے علاوہ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے ایک آلٹو کار، نوٹوں کی چھپائی کیلیے استعمال ہونے والا سامان، لیپ ٹاپ، پرنٹر اور 27 اسٹامپ پیپرز برآمد کیے۔
Comments are closed on this story.