Aaj News

جمعرات, نومبر 28, 2024  
25 Jumada Al-Awwal 1446  

پی ٹی آئی والے این آر او مانگ رہے ہیں، عطا تارڑ

غزہ کے حالات پر زیڈ گولڈ اسمتھ کے ٹوئٹ کی کسی نے مذمت نہیں کی، وزیر اطلاعات
شائع 09 نومبر 2024 11:04am
Ata Tarar made a big claim regarding inflation - Aaj News

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا پی ٹی آئی کے حوالے سے کہنا ہے کہ یہ کہتے ہیں فلاں نہیں تو پاکستان نہیں، یہ اپنے لیڈر کی رہائی میں لگے ہوئے ہیں اوراین آر اومانگ رہے ہیں۔

یوم اقبال کی مناسبت سے مزار اقبال پر حاضری کے لیے آئے وفاقی وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ کہتے ہیں فلاں نہیں تو پاکستان نہیں، ان کے لیے کشمیر اور فلسطین کا معاملہ کوئی اہمیت نہیں رکھتا۔ آج فلسطین، غزہ کے حالات پر زیڈ گولڈ اسمتھ کے ٹوئٹ کی کسی نے مذمت نہیں کی۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا وجہ ہے خیبرپختونخوا میں کوئی کام نہیں ہورہا، یہ جلسوں میں لگے ہوئے ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہمارے معاشرے میں نفرتیں پیدا گئیں، بھائی کو بھائی سے لڑایا گیا، ملکی ترقی کیلئے مل جل کر کام کرنا ہوں گے۔

عطا تارڑ کے مطابق پی ٹی آئی والے چاہتے تھے کہ ملک ڈیفالٹ کرجائے، ہم نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایااور ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔

انہوں نے کہا معاشرے میں تقسیم اورنفرتیں پھیلانا دراصل اغیار کا منصوبہ تھا، ہماری ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ قوم کو متحد رکھا جائے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ یہ پاکستان ہے تو ہماری سیاست ہے، تحریک انصاف کہتی ہے کہ بانی پی ٹی آئی ہیں تو سب کچھ ہے۔

انہوں نے کہا تحریک انصاف کیلئے فلسطین کا ایشو کوئی معنی نہیں رکھتا۔

انہوں نے علامہ اقبال کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران میں علامہ اقبال کے فلسفے کو پڑھایا جارہا ہے۔ ہمیں علامہ اقبال کے فلسفے کو فروغ دینا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے دیگر سیاسی جماعتوں کیساتھ فراغ دلی کا مظاہر کیا ہے، دکھ کی بات ہے ہمارے ہاں ایک سوچ پیدا کردی گئی ہے۔