Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

علامہ اقبال کا 147واں یوم پیدائش آج ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے

مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال 9 نومبر 1877 کو سیالکوٹ میں پید اہوئے تھے۔
اپ ڈیٹ 09 نومبر 2024 08:51am

شاعرِ مشرق، حکیم الامت علامہ محمد اقبال کا 147واں یوم پیدائش آج ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔

اس موقع پر ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں کمانڈر سینٹرل پنجاب ریئر ایڈمرل اظہر محمود مہمان خصوصی تھے۔

ریئر ایڈمرل اظہر محمود نے پاک رینجرز اور بحریہ کے دستوں کا معائنہ کیا۔

پاک بحریہ کے چاق وچوبند دستے اعزازی گارڈ کے فرائض سنبھالے جبکہ پاکستان رینجرز پنجاب کا دستہ مزار پر اپنے فرائض سے سبکدوش ہوا۔

مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال 9 نومبر 1877 کو سیالکوٹ میں پید اہوئے تھے۔

انہوں نے ابتدائی تعلیم آبائی شہر اور لاہور سے حاصل کرنے کے بعد 1905 میں برطانیہ سے وکالت اور بعد میں جرمنی سے فلسفہ میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔

ڈاکٹرعلامہ محمد اقبال نے 1910 میں وطن واپسی کے بعد شاعری کے ذریعے فکری اور سیاسی طور پر منتشر مسلمانوں کو خواب غفلت سے جگایا۔

نیو یارک کی سڑک کا نام ”علامہ اقبال“ رکھ دیا گیا

سیاستدان کی حیثیت سے ان کا سب سے بڑا کارنامہ نظریہ پاکستان کی تشکیل ہے، یہی نظریہ بعد میں پاکستان کے قیام کی بنیاد بنا۔

علامہ محمد اقبال کی شاعری نے ہندوستان کے مسلمانوں میں نئی روح پھونکی۔

انہیں نوجوانوں سے بڑی امیدیں وابستہ تھیں، علامہ اقبال نے نوجوانوں کو شاہین اور عقاب جیسے القابات سے بھی پکارا۔

ان کی شاعری کے مجموعوں میں بانگ درا، زبور عجم، بال جبریل، ضرب کلیم، جاوید نامہ اور پیام مشرق مشہور ہیں۔

مصورپاکستان علامہ اقبال 21 اپریل 1938 کو لاہور میں خالق حقیقی سے جا ملے، انہیں بادشاہی مسجد کے پہلو میں دفن کیا گیا۔

Allama Iqbal

9th November

Allama Iqbal Birthday