Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

وزیر اعظم شہباز شریف نے ’بجلی سہولت پیکج‘ دینے کا اعلان کردیا

بجلی کی قیمتوں میں کمی سے معیشت بہت مضبوط ہوگی، شہباز شریف کا یوم اقبال کی تقریب سے خطاب
اپ ڈیٹ 08 نومبر 2024 11:38pm

وزیراعظم شہباز شریف نے ’بجلی سہولت پیکج ’دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کی جارہی ہے، اس سے پاکستان کی معیشت مضبوط ہوگی، پاکستان کی معیشت آہستہ آہستہ بہتر ہورہی ہے۔

اسلام آباد میں یوم اقبال کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ علامہ اقبال کے فلسفے اور خودی کے پیغام پرعمل کی ضرورت ہے، مفکر پاکستان کی شاعری میں قوموں کی تقدیر بدلنے کا پیغام ہے، علامہ اقبال نے ہمیں خودی کا پیغام دیا ہے، علامہ اقبال کی شاعری دنیا بھر میں پڑھی جاتی ہے، ایران، ترکیہ مشرق وسطیٰ والے بھی اقبال کےکلام سےواقف ہیں، برصغیر سمیت عالمی سطح پر بھی اقبال کا کلام اثر رکھتا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ معاشی جکڑ بندیوں کی وجہ سے ہم معاشی طور پر آزاد نہیں ہیں، اقبالؒ کے پیغام کو فراموش کرنے کی وجہ سے ہم منزل سے دور ہیں، ہمیں علامہ اقبال کے پیغام کو آگے لے کر بڑھنا ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ ہم نے اخراجات کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے ہیں، ملک کی معاشی صورتحال آہستہ آہستہ بہتر ہورہی ہے، ہم نے اخراجات پر قدغن لگائی ہے، حکومت اپنے اخراجات پر بہت دھیان سے فیصلے کرتی ہے، میں آپ کو ایک اچھی خبر دینا چاہتا ہوں جس سے معیشت ترقی کرے گی اور زراعت و صنعت تیزی سے آگے بڑھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں معیشت ترقی کررہی ہے، پچھلے سال جو مہنگائی 32 فیصد پر تھی آج 6 اعشاریہ 7 فیصد پر پہنچ گئی ہے، شرح سود 22 فیصد سے کم ہوکر 15 فیصد پر آگئی ہے، ہم سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے کام کررہے ہیں، سرمایہ کاری سے ملک میں روزگار بڑھے گا۔

وزیراعظم شہبازشریف نے مزید کہا کہ حکومت ہر شعبےمیں اصلاحات کی پالیسی پرعمل پیرا ہے، پنجاب میں وسائل سے محروم طلبا کو آگے بڑھنے کے لیے مواقع دیے جاتے ہیں، انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے لاکھوں ہونہار طلبا کو وظائف دیے گئے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے سردیوں کے تین ماہ دسمبر تا فروری بجلی کے اضافی استعمال پر پیکج دینے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت بجلی کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کی جارہی ہے، بجلی سہولت پیکج کا اطلاق اس سال دسمبر 24 سے اگلے سال فروری 25 تک کے بلوں پر ہوگا۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ اس پیکیج کے تحت گھریلو صارفین کے لیے بجلی کا فی یونٹ ریٹ 26 روپے 7 پیسے ہوگا اور اس سے گھریلو صارفین کو 11 روپے 42 پیسے سے لے کر 26 روپے 7 پیسے فی یونٹ تک کی بچت ہوگی۔

انہوں نے واضح کیا کہ یہ پیکج پورے پاکستان کیلیے ہے جس میں صنعتوں کیلیے 5.72 روپے سے لے کر 15 روپے تک کی بچت ہوگی، صنعتوں کو 18 سے 37 فیصد تک بچت ہوگی، اسی طرح کمرشل صارفین کے لیے یہ پیکج 13.46 روپے سے 22 روپے بچت ہوگی، ایسے صارفین کو 34 فیصد تک بل میں بچت ہوگی۔

وزیراعظم نے کہا کہ بجلی کی کمی میں لاگت سے زراعت، صنعت اور کاروبار و برآمدات کو بڑھانے میں مدد ملے گی، اس سے پاکستان کی معیشت مضبوط ہوگی، بجلی کی قیمتوں میں کمی سے پاکستانی معیشت مضبوط اور درجہ بندی تیزی سے بہتر ہوگی۔

شہباز شریف نے کہا کہ بجلی کی کمی کے پیکج پر وزیر توانائی اویس لغاری، سیکرٹری توانائی اور وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں، یہ سب کچھ صرف میری وجہ سے نہیں بلکہ ٹیم ورک کی وجہ سے ممکن ہوا ہے، ہم سب ملکر ملک کو ترقی دینے کے لیے کوشاں ہیں۔

Winter

اسلام آباد

electricity

electricity prices

PM Shehbaz Sharif

Winter package

Electricity Convenience Package