حکومت کا سردیوں میں بجلی کے اضافی استعمال پر 26 روپے فی یونٹ تک ریلیف کا اعلان
وفاقی حکومت نے موسم سرما کے لیے بجلی سہولت پیکیج کا اعلان کردیا، جس کے تحت سردیوں میں گزشتہ سال کے مقابلے میں اضافی بجلی استعمال کرنے پر بجلی کے فی یونٹ پر 26 روپے تک ریلیف دیا جائے گا۔
پاور ڈویژن کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق سردیوں میں گزشتہ سال کے مقابلے میں اضافی بجلی استعمال کرنے والوں کو فی یونٹ 26 روپے تک ریلیف دیا جائے گا۔
پاور ڈویژن کے مطابق اضافی بجلی پر 26 روپے 7 پیسے فی یونٹ کا فلیٹ ریٹ دیا جائے گا، بجلی سہولت پیکیج کا اطلاق دسمبر 2024 سے فروری 2025 تک ہوگا، گھریلو صارفین کے لیے موجودہ بجلی کے نرخ 37.49 سے 52.07 فی یونٹ ہیں۔
پیکج کے تحت اضافی استعمال پر نئی قیمت 26.07 فی یونٹ ہوگی، گھریلو صارفین کو فی یونٹ 11.42 سے 26 روپےتک کی بچت ہوگی، صعنتوں کے لیے بجلی کی نرخ 31.79 سے 41.12 روپے فی یونٹ تک ہے، پییکج کے تحت اضافی استعمال پر نئی قیمت 26.07 فی یونٹ مقررکی گئی ہے۔
ونٹر پیکج: 3 ماہ کیلئے بجلی کی قیمتوں میں 8 روپے تک کمی کا امکان
پیکج سے صنعتی صارفین کو فی یونٹ 5.72 سے 15.05 روپے تک کی بچت ہوگی، کمرشل صارفین کے لیے موجودہ نرخ 39.53 سے 48.78 فی یونٹ ہے، پیکیج کے تحت اضافی بجلی 26.07 فی یونٹ میں فراہم کی جائےگی۔
کمرشل صارفین کو فی یونٹ 13.46 سے 22.71 روپے تک کی بچت ہوگی، بجلی سہولت پیکیج کا اطلاق گھریلو،کمرشل اور صنعتی صارفین کے لیے ہوگا۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے آج پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ وزیراعظم بجلی کے ونٹر پیکیج سے متعلق آج بہت بڑا اعلان کرنے جارہے ہیں ۔
انہوں نے کہا تھا کہ اکتوبر میں ترسیلات زر کی مد میں 3 ارب ڈالر پاکستان آئے ہیں اور زرمبادلہ کے ذخائر 11 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئے ہیں، زر مبادلہ کے ذخائر کا بڑھنا اور ایک ماہ میں ترسیلات زر کی مد میں 3 ارب ڈالر کا پاکستان آنا ثابت کرتا ہے کہ پاکستان کی کرنسی مستحکم ہے اور معاشی اعشاریے دن بدن بہتر ہورہے ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا تھا کہ وزیراعظم کی معاشی پالیسی کے نتیجے میں ہم معاشی استحکام سے ترقی کی طرف جارہے ہیں، ہر شعبے میں بہتری نظر آرہی ہے۔
Comments are closed on this story.