’بھارت نے چیمپئنز ٹرافی کیلئے ٹیم بھیجنے سے انکار کیا تو ہم سے اچھے کی امید نہ رکھے‘
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے بھارتی میڈیا رپورٹس پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ انڈین کرکٹ بورڈ نے چیمئنز ٹرافی 2025 کے لیے اپنی ٹیم بھیجنے سے انکار کیا تو ہم سے بھی اچھے کی امید نہ رکھے۔
محسن نقوی نے لاہور میں قذافی اسٹیڈیم کا دورہ اور اسٹیڈیم میں جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا جس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ہم سے ہائبرڈ ماڈل پر کوئی بات نہیں ہوئی، بھارت نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان نہ آنے کی تحریری اطلاع نہیں دی، اگر بی سی سی آئی کو بھارتی کرکٹ ٹیم کے پاکستان آنے پر اعتراض ہے تو تحریری طور پر بتائے۔
محسن نقوی نے کہا کہ بھارتی میڈیا 2 ماہ سے کہہ رہاہے کہ ان کی ٹیم نہیں آرہی، ہم چاہتے ہیں کہ کرکٹ سیاست سے صاف ہو، چیمپئنز ٹرافی کے لیے تیاریاں بھرپور طریقے سے جاری رکھیں گے۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ بھارت نے انکار کیا تو مجھے اپنی حکومت سے رجوع کرنا پڑے گا، اگر بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے تحریری طور پر کچھ آیا تو حکومت کے پاس جاؤں گا، بھارت نے انکار کیا تو ہم سے بھی اچھے کی امید نہ رکھے۔
چیمپئنز ٹرافی ’ہائبرڈ ماڈل‘ پر کرانے کی خبروں پر پی سی بی کا ردعمل آگیا
واضح رہے کہ محسن نقوی کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کہ کچھ دیر قبل بھارتی خبر رساں ادارے ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان کا دورہ نہیں کرے گی اور اپنے میچز کسی نیوٹرل وینیو پر کھیلنا چاہتی ہے۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے اپنے فیصلے سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو آگاہ کر دیا ہے اور آئی سی سی ایونٹ کے کچھ میچز دبئی میں کھیلے جانے کا قوی امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق پیش رفت سے آگاہ ذرائع نے کہا کہ جی ہاں، بی سی سی آئی نے پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کے میچوں کے حوالے سے اپنے تحفظات سے آگاہ کردیا ہے، بھارتی بورڈ میچز کسی غیر جانبدار مقام پر کھیلنا چاہتا ہے اور بھارت کرکٹ ٹیم کے میچز کی میزبانی کے لیے دبئی مضبوط امیدوار ہے۔
چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرا ون ڈے جیتنے پر قومی کرکٹ ٹیم کو شاباش دی، آسٹریلیا کے خلاف فتح کو ساز فتح قرار دیا اور کہا ویلڈن گرین شرٹس ویلڈن، تمام کھلاڑیوں کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد دیتا ہوں۔
محسن نقوی نے کہا کہ باؤلرز حارث روف اور شاہین آفریدی نے شاندار باؤلنگ کرکے فتح میں اہم کردار ادا کیا، کپتان محمد رضوان نے عمدہ کیپنگ کرتے ہوئے 6 کیچ پکڑے، صائم ایوب اور عبداللہ شفیق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرکے پاکستان کو 9 وکٹوں سے کامیابی دلائی، بہترین پرفارمنس پر حارث روف، شاہین آفریدی، محمد رضوان، صائم ایوب اور عبداللہ شفیق تحسین کے مستحق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں نے فیلڈنگ، باؤلنگ اور بیٹنگ میں شاندار کارکردگی دکھائی، آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کو ہوم گراؤنڈ میں شکست دے کر کھلاڑیوں نے قوم کے دل جیت لیے۔
ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کے خلاف بڑی جیت پر کھلاڑیوں نے قوم کو خوشیاں دی ہیں، کھلاڑیوں نے میدان میں ٹیم ورک کا بہترین مظاہرہ کیا اور نتیجہ جیت کی صورت میں سامنے آیا، آسٹریلیا کے خلاف میچ میں فتح سے کھلاڑیوں کا مورال بڑھے گا اور آئندہ میچ میں بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے، امید ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی آنے والے میچوں میں بہترین پرفارمنس کا تسلسل برقرار رکھیں گے۔
Comments are closed on this story.