Aaj News

جمعہ, دسمبر 27, 2024  
24 Jumada Al-Akhirah 1446  

فیکٹ چیک: مفت سولر پینل اسکیم کے نام پر جعلی ویب سائٹ کا انکشاف

سیب سائٹ کا لنک مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر زیر گردش ہے
شائع 08 نومبر 2024 01:07pm

پنجاب میں مفت سولر پینل اسکیم کے نام پر جعلی ویب سائٹ کا انکشاف سامنے آیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ایک ’یو آر ایل‘ بڑے پیمانے پر شئیر کیا جا رہا ہے جس میں صارف کے لیے تفصیلات درج کرنے کے آپشنز موجود ہیں۔

مذکورہ لنک متعدد آن لائن پوسٹس میں شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا گیا ہے کہ جو لوگ اس لنک پر رجسٹر ہوں گے، انہیں پنجاب حکومت کی جانب سے ”پنجاب فری سولر پینل اسکیم“ کے تحت گھروں کے لیے مفت شمسی آلات فراہم کئے جائیں گے۔

وائرل ہونے والے یو آر ایل میں پنجاب حکومت کے مفت سولر پینل تقسیم پروگرام کی رجسٹریشن کا فارم مہیا کیا گیا ہے۔ ویب سائٹ کے مطابق یہ پروگرام ان صارفین کے لیے ہے جو ماہانہ 100 سے 500 یونٹس تک بجلی استعمال کرتے ہیں۔

فارم میں پنجاب کے رہائشیوں سے ان کا نام اور شناختی کارڈ نمبر فراہم کرنے کو کہا گیا ہے اور اس میں اہل ہونے کے لیے 10 نومبر کی آخری تاریخ کا بھی ذکر ہے۔

ویب سائٹ کا یہ لنک واٹس ایپ گروپس، ایکس اور فیس بک پر یہاں اور یہاں شیئر کیا گیا۔

تاہم یہ ویب سائٹ جعلی اور دعویٰ بھی غلط ہے۔

صارفین اگر اس لنک کو کھول کر اندر داخل ہوں تو وہاں انہیں چند آپشنز نظر آئیں گے جس میں ان کا نام، ماہانہ یونٹ کا کتنا استعمال جیسے آپشنز درکار ہوں گے۔

تاہم یہ لنک جعلی ہے جو شہریوں کے ساتھ فراڈ کرنے کا سبب بن سکتا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ایک سرکاری عہدیدار اور ایک سائبر سیکورٹی ماہر نے تصدیق کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ویب سائٹ کا لنک جعلی ہے۔

دراصل رواں برس مارچ میں پنجاب حکومت کی جانب سے روشن گھرانہ پروگرام متعارف کرایا گیا تھا، جس کا مقصد کم آمدنی والے خاندانوں میں 50 ہزار سولر سسٹم تقسیم کرنا تھا۔ تاہم، روشن گھرانہ پروگرام کے پروجیکٹ ڈائریکٹر عدنان مدثر کے مطابق اس اسکیم کا آغاز ابھی نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ “یہ جتنی بھی ویب سائٹس ہیں سب جعلی ہیں،اور اس کا حکومت سے کوئی تعلق نہیں۔ گورنمنٹ نے ابھی تک اس کی رجسٹریشن کے عمل کو لانچ نہیں کیا ہے، جب اس کی لانچنگ ہو گی تو میڈیا کے ذریعے لوگوں کو آگاہی دیں گے۔

Fact Check

punjab free solar

solar panel website