توہین عدالت کیس؛ اسلام آباد ہائیکورٹ کی عمران خان سے منگل کو ملاقات کرانے کی ہدایت
اسلام آباد ہائیکورٹ نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو منگل کو بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ان کے پارٹی لیڈرز کی ملاقات کرانے کی ہدایت کر دی۔
جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے عدالتی حکم کے باوجود بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نا کرانے پر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔ بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل فرید چوہدری، ایڈووکیٹ جنرل ایاز شوکت اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل عبد الغفور انجم عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔
دلائل میں فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا کہ گزشتہ روز میٹنگ کا شیڈول تھا لیکن میٹنگ نہیں کرائی گئی، مجھے بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز اڈیالہ روڈ بلاک تھی جس سے عام لوگ بھی متاثر ہوتے ہیں، اسد قیصر اور شبلی فراز ان کو بھی اڈیالہ جیل کے باہر روکا گیا۔
ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے کہا کہ ہم نے اس توہین عدالت کے کیس میں جواب جمع کرایا ہے، میں نے اپنے جواب میں واضع کیا ہے کہ عدالتی حکم کے مطابق تین کوآرڈینیٹرز ہیں، ہمیں کوئی لسٹ نہیں دی گئی کہ یہ چھ لوگ ملنا چاہتے ہیں۔
فیصل فرید چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا کہ انتظار پنجوتھہ کوآرڈینیٹر تھے جو لاپتا ہوئے تھے، ہم نے لسٹ دی تھی۔
عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کہہ رہے ہیں لسٹ نہیں دی اور یہ کہہ رہے ہیں لسٹ دی ہے، آپ یہ بتائیں ان کی میٹنگ کب کرائیں گے؟ یہ لسٹ آپ کو ابھی دیتے ہیں۔
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے بتایا کہ ہمارے ڈاکٹر دن میں تین دفعہ بانی پی ٹی آئی کا چیک اَپ کرتے ہیں۔
عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے استفسار کیا کہ آپ یہ بتائیں کل کیوں ملاقات نہیں کرا سکتے؟ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے بتایا کہ ان کی ملاقات منگل اور جمعرات کے دن طے ہے، ان دنوں کے علاوہ ہمیں ہائی پروفائل ہونے کی وجہ سے سیکیورٹی کے انتظامات کرنے ہوتے ہیں، ہم تو ہمیشہ عدالتی احکامات پر عمل کرتے ہیں اور فیصل چوہدری صاحب تو روزانہ 8 گھنٹے ملتے ہیں یہ پھر بھی شکایت کر رہے ہیں۔
ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے کہا کہ 13 ستمبر کو اس عدالت نے آرڈر کیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے تین کوآرڈینیٹرز ہوں گے، اس عدالتی حکم میں یہ کہا گیا تھا کہ چیف کوآرڈینیٹر جو نام دے گا اسی کو ملانا ہوگا۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کون کرے گا؟ جیل حکام اور بانی پی ٹی آئی کوآرڈینیٹر کا تنازعہ سامنے آیا ہے، عمران خان فیملی فرینڈز وکلا جن سے وہ ملنا چاہتے ہیں وہی لسٹ عدالت میں جمع کرائیں گے، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل بانی پی ٹی آئی سے لسٹ لیکر ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کو بھیجیں گے، امید ہے اس سے جیل حکام اور عمران خان وکلا کے درمیان تنازعہ ختم ہوگا، میں کمیشن تشکیل دوں گا وہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملے گے۔
عدالت نے عمران خان سے آنے والی لسٹ کی کاپی پی ٹی آئی کے سیکریٹری سلمان اکرم راجہ کو بھی بھیجنے کی ہدایت کر دی۔
Comments are closed on this story.