بھارتی وزیر خارجہ کی تقریر نشر کرنے پر کینیڈا میں آسٹریلوی ٹی وی بند
کینیڈا کی حکومت نے بھارت کے وزیرِخارجہ ایس جے شنکر کی پریس کانفرنس نشر کرنے پر آسٹریلوی ٹی وی چینل پر پابندی لگادی ہے۔ اس پریس کانفرنس میں ایس جے شنکر نے کینیڈا میں سِکھ علیٰحدگی پسندوں کے حوالے سے ریمارکس دیے تھے۔ ساتھ ہی ساتھ انہوں نے بھارت اور کینیڈا کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی پر بھی اظہارِخیال کیا تھا۔
بھارت نے اپنے وزیرِخارجہ کا انٹرویو نشر کرنے پر آسٹریلوی ٹی وی کی کینیڈا میں بندش کی مذمت کرتے ہوئے اِسے اظہارِ رائے کی آزادی کے منافی اقدام قرار دیا ہے۔
کینیڈا میں انڈین کمیونٹی کے لیے آسٹریلیا ٹوڈے اہم چینل ہے۔ اس چینل نے آسٹریلیا کے دارالحکومت کینبرا سے ایس جے شنکر اور اُن کی آسٹریلوی ہم منصب پینی وینگ کی مشترکہ پریس کانفرنس نشر کی تھی۔
بھارتی وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جایسوال نے کہا کہ ایک طرف تو کینیڈین حکومت اظہارِ رائے کی آزادی کی بات کرتی ہے اور دوسری طرف آسٹریلیا ٹوڈے کی نشریات پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ یہ سب بہت کچھ عجیب ہے۔ آسٹریلیا ٹوڈے آسٹریلیا میں آباد انڈین کمیونٹی سے متعلق خبریں اور تجزیے پیش کرتا ہے۔
یاد رہے کہ بھارت اور کینیڈا کے درمیان مختلف معاملات پر کشیدگی پائی جاتی ہے۔ گزشتہ برس کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا میں سکھ لیڈر ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے بعد تفتیش کاروں نے اس قتل میں ملوث افراد کے گھر گھیرا تنگ کردیا ہے۔ بھارت کے سفیر سنجے ورما کو بھی اس حوالے سے پرسن آف انٹریسٹ قرار دیا گیا ہے۔ اس پر دو طرفہ تعلقات میں خاصی کشیدگی در آئی ہے۔
Comments are closed on this story.