Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
18 Jumada Al-Awwal 1446  

ٹرمپ نیوٹرل رہیں گے، میری رہائی کا عمل پاکستان سے مکمل ہوگا، عمران خان

باجوہ کی توسیع اور کمزور اتحادی حکومت قبول کرنا میری غلطیاں تھیں، جیل میں گفتگو
شائع 07 نومبر 2024 02:38pm

بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکی صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مجھے امید ہے کہ صدر ٹرمپ کم از کم نیوٹرل ہوں گے اور جو بائیڈن کی طرح نہیں ہوں گے جنہوں نے باجوہ کی طرف حسین حقانی کو استعمال کر کے جو میرے خلاف لابی کی گئی اس پر یقین کیا۔ میری رہائی کا معاملہ امریکہ سے نہیں بلکہ پاکستان میں ہی مکمل ہوگا۔

اڈیالہ جیل میں صحافیوں اور وکلا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپنی دو غلطیاں تسلیم کرتا ہوں کہ جنرل باجوہ کی ملازمت میں توسیع دینا میری سب سے بڑی غلطی تھی اور کمزور اتحادی حکومت لینے کی بجائے مجھے دوبارہ انتخابات کروانے چاہیئے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں جمہوریت برائے نام رہ گئی ہے ۔ عدلیہ ایک جمہوری ملک میں آزادی کی ضمانت ہوتی ہے جو اب نہیں ہے۔ ملک میں صرف انتخابات سے جمہوریت نہیں آتی، حقیقی جمہوریت کے لیے صاف شفاف انتخابات، آزاد عدلیہ، قانون کی بالادستی اور احتساب کا ہونا ضروری ہوتا ہے ورنہ انتخابات کا ڈھونگ تو ڈکٹیٹر بھی رچاتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ ملک کے میڈیا پر اس وقت مکمل سنسر شپ ہے۔ میں نے اخبار دیکھے ہیں ان میں میرا کوئی بیان نہیں چھپتا۔

عمران خان کو رہائی دلوانے کا وعدہ، ٹرمپ کی ویڈیو کیوں وائرل ہونے لگی

انہوں نے کہا کہ اس وقت حکومت نے آئین میں ترمیم کرکے سپریم کورٹ پر بھی قبضہ کر لیا ہے- یہ جو مرضی اب ناانصافیاں اور ظلم کریں اب ان سے کوئی نہیں پوچھے گا۔ تحریک انصاف جو ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے اس کو ہرانے کے لیے قاضی فائز عیسی اور چیف الیکشن کمشنر نے ان کے ساتھ مل کر مینڈیٹ چوری میں ان کی مدد کی ۔

بانی پی ٹی آئی نے جو پاکستان کی عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ مارا ہے اس کو بچانے کے لیے انہوں نے یہ ساری قانون سازی اس غیر آئینی پارلیمنٹ ، غیر آئینی صدر، غیر آئینی وزیراعظم اور اس فارم 47 کی پیداوار نظام کو استعمال کر کے آئینی ترامیم کروائی ہے۔ اس قانون سازی کا مقصد صرف پاکستان کی عوام کے حقوق کو سلب کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع فوج کا اندرونی معاملہ تب ہوتا اگر آرمی چیف نیوٹرل ہوتا موجودہ آرمی چیف اس ناجائز حکومت کو تحفظ فراہم کررہا ہے۔ حکومت نے مینڈیٹ پر مارے گئے ڈاکے کو تحفظ دینے کے لیے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کی ہے۔ اس پر پارلیمنٹ میں قانونی بحث ہونی چاہیے تھی۔ یہ انتہائی اہم معاملہ تھا اور اس پر کوئی قانونی بحث کیے بغیر قانونی سازی کر دی گئی۔

عمران خان نے کہا کہ میں اپنی ساری پارٹی بالخصوص قیادت کو یہ پیغام دیتا ہوں کہ احتجاجی تحریک کی تیاری کریں ۔احتجاج کی قیادت تحریک انصاف کی جوائنٹ لیڈرشپ کرے گی ۔ جو ٹکٹ ہولڈر یا عہدیدار احتجاج میں شرکت نہیں کرے گا اس کی پارٹی میں کوئی جگہ نہیں ہے اور نہ ہم اس کو اگلے الیکشن میں ٹکٹ دیں گے۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ میرا اپنی قوم کو یہ پیغام ہے کہ اپنے حقوق اور آزادی کے لیے قربانی دینی پڑتی ہے۔ آپ سب کو حقیقی آزادی اور آزاد عدلیہ کے لئے کھڑا ہونا پڑے گا ۔ ڈنڈے کے زور پر یہ حکومت نہیں چلائی جا سکتی ۔ میں پچھلے سولہ ماہ سے جیل میں ناحق قید ہوں۔ اگر ہم آج ان کے سامنے نہیں کھڑے ہوں گے تو پاکستان میں جمہوریت کا مکمل طور پر خاتمہ ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ غلامی سے موت بہتر ہے ۔ یہ مجھے ملٹری کورٹس میں لے جانا چاہتے ہیں تو لے جائیں میں اس کے لیے بھی تیار ہوں لیکن ان کی غلامی قبول نہیں کروں گا۔ میری دو بہنوں کو بھی جیل میں ڈالا گیا اور ایک بہن کا بیٹا ڈیڑھ سال سے ملٹری جیل میں ہے ۔ میں خود ہر قربانی کے لیے تیار ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں کسی صورت نہیں بھاگوں گا، میرا نام مستقل طور پر ای سی ایل پر ڈال دیں میں نے باہر نہیں جانا، پہلے نواز شریف باہر گیا اب اس کی بیٹی بھی باہر چلی گئی بیرون ملک علاج انتہائی مہنگا ہے اور ان کا سارا ٹبر باہر بیٹھا ہوا ہے ۔ ان کی جائیدادیں اور ان کے پیسے ملک سے باہر ہیں۔ اگر میں نے نواز شریف اور زرداری کی طرح چوری کی ہوتی تو ڈیل کر کے ملک سے بھاگ گیا ہوتا-

imran khan

IMRAN KHAN Adiyala Jail

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)