رجسٹرار سپریم کورٹ جزیلہ اسلم کو عہدے سے ہٹا دیا گیا
رجسٹرار سپریم کورٹ جزیلہ اسلم کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے اور ان کی جگہ محمد سلیم خان کو نیا رجسٹرار سپریم کورٹ تعینات کر دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے جاری نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ایڈمنسٹریٹیو سروس کے محمد سلیم خان نئے سپریم کورٹ رجسٹرار ہوں گے۔
نوٹی فکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ محمد سلیم خان کو 7 نومبر 2024 سے 3 سال کی مدت کے لیے رجسٹرار سپریم کورٹ تعینات کیا جاتا ہے، محمد سلیم خان کو 22 ویں گریڈ میں تعینات کیا جاتا ہے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق محمد سلیم خان کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی کی منظوری سے جاری کیا گیا ہے۔
26 اکتوبر کو چارج سنبھالنے کے بعد چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی نے پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کی تشکیل نو کرتے ہوئے کمیٹی میں جسٹس منیب اختر کو دوبارہ شامل کر لیا تھا۔
رجسٹرار سپریم کورٹ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا تھا کہ پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی میں چیف جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس منیب اختر شامل ہوں گے۔
اس سے قبل 31 اکتوبر کر چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے اپنے سیکریٹری اور ایگزیکٹو افسر تعیناتی کردی تھی۔
نئے افسران کی تعیناتی کے جاری اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ سینئر پرائیوٹ سیکریٹری محمد یاسین کو گریڈ 21 میں چیف جسٹس پاکستان کا سیکریٹری تعینات کیا گیا ہے جبکہ سینئر پرائیوٹ سیکریٹری محمد عارف کو گریڈ 20 میں چیف جسٹس کا ایگزیکٹو آفیسر تعینات کیا گیا ہے۔
اسی طرح 2 نومبر کو چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے 28 جولائی کو سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی جانب سے لاہو ہائی کورٹ بھیجے گئے 3 ریسرچرز کو واپس بلالیا تھا۔
سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی جانب سے 3 ریسرچرز کو لاہور ہائی کورٹ واپس بھیج دیا گیا تھا جو سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس منصور علی شاہ کی ٹیم کا حصہ تھے۔
واضح رہے کہ 17 ستمبر 2023 کو اُس وقت قاضی فائز عیسیٰ نے چیف جسٹس آف پاکستان بننے کے بعد ایک خاتون جزیلہ اسلم کو سپریم کورٹ کا رجسٹرار مقرر کیا تھا۔
سپریم کورٹ سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ جزیلہ اسلم سپریم کورٹ آف پاکستان میں تقرری سے قبل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی حیثیت سے کام کر رہی تھیں۔