Aaj News

منگل, دسمبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Akhirah 1446  

بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں علیحدگی کی تحریکیں چل رہی ہیں، اسد قیصر

بلاول اور نواز شریف نے عدالتوں کا جنازہ نکال دیا، اسد قیصر
شائع 06 نومبر 2024 07:45pm

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر کا کہنا ہے کہ ملک خدا نخواستہ خانہ جنگی کی طرف جا رہا ہے، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں علیحدگی کی تحریکیں چل رہی ہیں۔

اسد قیصر نے صوابی میں ورکز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیا قانون پاس کیا گیا ہے کہ بغیر کسی وجہ کے شک کی بنیاد پر تین مہینے کسی کو جیل میں رکھا جا سکتا ہے۔

اسد قیصر نے کہا کہ اس ملک کو انہوں نے بنانا ریپبلک بنا دیا ہے، اس ملک میں جنگل کا قانون ہے، کیا اس طرح ملک میں زندگی بسر ہو سکتی ہے؟

انہوں نے کہا کہ بلاول اور نواز شریف کہتے ہیں ہم جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں، کیا یہ جمہوریت ہے؟بلاول اور نواز شریف نے عدالتوں کا جنازہ نکال دیا، عدالت اب عدالت نہیں رہی، ملک خدا نخواستہ خانہ جنگی کی طرف جا رہا ہے، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں علیحدگی کی تحریکیں چل رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کو دو وقت کی روٹی نہیں مل رہی ہے، یہ حکومت آپ کو ہضم نہیں کرنے دے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ جنگ آپ نے شروع کی تھی ختم ہم کریں گے، عوام کا حق ہے کس طرح زندگی بسر کریں، اس ملک کے حقیقی مالک عوام ہیں۔

Asad Qaiser

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)