کراچی کے سوا باقی ملک کیلئے بجلی سستی کردی گئی
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی کے سوا باقی ملک کے لیے بجلی کی قیمت ایک روپے 28 پیسے فی یونٹ سستی کردی۔
نیپرا نے بجلی کی قیمت میں کمی کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق بجلی کی قیمت میں تنزلی ستمبر 2024 کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں کی گئی ہے۔
نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ بجلی صارفین کو قیمت میں کمی کا ریلیف نومبر کے بلز میں ملے گا۔
نوٹی فکیشن کے مطابق بجلی کی قیمت میں کمی کا اطلاق کے الیکڑک صارفین پر نہیں ہوگا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز مسلسل مہنگی بجلی کا بوجھ برداشت کرنے والے شہر قائد کے باسیوں پر مزید بوجھ ڈال دیا گیا تھا اور نیپرا نے ”کے الیکٹرک“ کے لیے اگست 2024 کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں بجلی 40 پیسے فی یونٹ مزید مہنگی کردی تھی۔
نیپرا نے کراچی کے لیے بجلی مہنگی کرنے کا باضابطہ نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا، کے الیکٹرک صارفین سے اضافی وصولیاں جنوری 2025 کے بلز میں کی جائیں گی۔
رواں ماہ نومبر کے بلز میں کے الیکٹرک صارفین جون 2024 کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 3 روپے 17 پیسے فی یونٹ، دسمبر میں جولائی 2024 کی ایڈجسٹمنٹ میں 3 روپے 3 پیسے فی یونٹ دیں گے اور جنوری 2025 میں اگست کی ایڈجسٹمنٹ میں 40 پیسے فی یونٹ ادا کریں گے۔
Comments are closed on this story.