ٹرمپ کی برتری کے نتائج 100 انڈیکس پر اثر انداز، نئی تاریخ رقم
امریکا میں صدارتی انتخاب میں ڈونلڈ ٹرمپ کی برتری پر مشتمل نتائج کے مثبت اثرات پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نظر آئے ہیں اور 100 انڈیکس نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بھی اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مثبت انداز میں ہوا، جہاں کاروبار کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی دیکھی گئی، 100 انڈیکس میں 410 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔
جس کے بعد اسٹاک مارکیٹ میں 100 انڈیکس 92 ہزار 700 پوائنٹس کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کاروباری دن کے اختتام تک سٹاک مارکیٹ میں 366 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس کے ساتھ سٹاک ایکسچینج میں ہنڈرڈ انڈیکس 92 ہزار 304 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا جبکہ جبکہ کاروباری دن کی بلند ترین سطح 92 ہزار 514 پوائنٹس تھی۔
ٹرمپ کی کامیابی کی توقعات پر بین الاقوامی اسٹاک مارکیٹس میں تیزی
امریکا میں صدارتی انتخابات میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کی توقعات پر بین الاقوامی اسٹاک مارکیٹس میں تیزی آگئی، امریکا کے حصص بازاروں میں مثبت رجحان جبکہ یورپی اور ایشیائی مارکیٹس میں ملاجلا رجحان ہے۔
امریکا میں صدارتی انتخابات کے لیے پولنگ اور نتائج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جیت کے امکانات پر سرمایہ کار خوش ہیں جبکہ اسٹاک مارکیٹس میں تیزی آگئی۔
امریکا کے نیسڈیک ایکس چینج میں ایک اعشاریہ 43 فیصد اضافہ ہواایس اینڈ پی 500 میں ایک اعشاریہ 23 فیصد اور ڈاؤ جونز انڈیکس میں ایک فیصد اضافہ ہوا۔
دوسری جانب جاپان کا نکئی 225 انڈیکس 2 فیصد بڑھ گیا جبکہ ہانک کانگ کے ہینگ سینگ انڈیکس میں 2 فیصد کمی ہوئی تاہم جرمنی، فرانس، اٹلی، برطانیہ، کوریا، نیدرلینڈ، سوئٹزرلینڈ، ترکی، چین، تائیوان اور بھارت کے حصص بازاروں میں ملاجلا رجحان دیکھا جا رہا ہے۔ بھارت کے مرکزی اشاریے سینسیکس میں ایک ہزار پوائنٹس سے زیادہ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ادھر ڈیجیٹل کرنسی بٹ کوائن کی قیمت میں 9 فیصد اضافہ ہوا اور اس کی قیمت 68 ہزار 613 ڈالر ے بڑھ کر 74 ہزار 547 ڈالر پر پہنچ گئی۔
Comments are closed on this story.