Aaj News

منگل, دسمبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Akhirah 1446  

ڈیرہ اسماعیل خان میں ایف سی کی گاڑی پر فائرنگ، 2 سپاہی شہید 4 زخمی

ایف سی کے سپاہیوں کی قربانیوں دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پختہ عزم کی عکاس ہیں، ترجمان وزارت داخلہ
شائع 05 نومبر 2024 06:54pm

خیبرپختونخوا کے شہر ڈیرہ اسماعیل خان میں فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کی گاڑی پر خوارجی دہشتگردوں کی جانب سے فائرنگ کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں دو سپاہی شہید اور چار زخمی ہوگئے۔

وزارت داخلہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ شہید سپاہی شیر الرحمٰن اور سید امین نے خوارجی دہشتگردوں کا دلیری سے مقابلہ کیا۔

ترجمان کے مطابق شہید سپاہی شیر الرحمٰن کا تعلق جنوبی وزیرستان سے جبکہ شہید سپاہی سید امین کا تعلق صوابی گدون سے تھا۔

اس کے علاوہ زخمیوں میں حوالدار امتیاز، سپاہی محب شاہ، سپاہی صاحب دین اور سپاہی فضل کریم شامل ہیں۔

ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق ایف سی کے زخمی چاروں سپاہیوں کو علاج کے لئے ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ فرنٹیئر کانسٹیبلری دہشتگردوں کے ناپاک عزائم خاک ملانے کے لیے پرعزم ہے، ایف سی کے سپاہیوں کی قربانیوں دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پختہ عزم کی عکاس ہیں۔

Dera Ismail Khan

FC Vehicle Firing