لبنانی گھر میں تصویر بنوانے کے بعد اسرائیلی رکن پارلیمنٹ کے خلاف کارروائی
اسرائیلی پارلیمنٹ کے ایک شدت پسند رکن یتزاکیہ کروزر کو لبنان کے ایک گھر میں تصویر کھنچوانے پر کارروائی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ انہیں ریزرور فوج سے نکال دیا گیا ہے۔
العربیہ پاکستان کی رپورٹ کے مطابق کروزر نے فوجی وردی میں یہ تصویر کھنچوائی ہے۔ دیوار پر ’پارلیمنٹ کے رکن کا دفتر‘ عبرانی زبان میں لکھا ہوا ہے۔ اس تصویر کے وائرل ہونے پر بہت لے دے ہوئی ہے۔
اسرائیلی حکومت کا کہنا ہے کہ اس تصویر کی بنیاد پر کروزر کو متعلقہ نظم و ضبط کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا گیا ہے۔ چند ہفتوں کے دوران اس نوعیت کے کئی واقعات رونما ہوئے ہیں۔ غزہ میں بھی متعدد اسرائیلیوں کی ایسی تصویریں سامنے آئی ہیں جو فوج کے نظم و ضبط سے بالکل مطابقت نہیں رکھتیں۔
کروزر کا کہنا ہے کہ یہ تصویر اُس نے کھینچی بھی نہیں اور سوشل میڈیا پر پھیلائی بھی نہیں۔ حکومتی حلقوں کا کہنا ہے کہ نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر کارروائی کرتے ہوئے کروزر کو ریزرو فورس سے فارغ کیا گیا ہے۔