Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

لاہور کو سموگ کے نئے سپیل کا خطرہ، محکمہ ماحولیات کا ریڈ الرٹ جاری

مریم اورنگزیب نے شہریوں کو خبردار کر دیا
اپ ڈیٹ 05 نومبر 2024 10:59am

لاہور کو سموگ کے نئے سپیل کا خطرہ ہے، جس کے بعد محکمہ ماحولیات نے ریڈ الرٹ جاری کر دیا ہے۔

محکمہ ماحولیات کے مطابق آنے والے 24 گھنٹے میں سموگ والی بھارتی ہواؤں کا رُخ پاکستان کی طرف ہوگا۔

اسموگ کے باعث لاہور میںتمام تعلیمی ادارے ہفتے میں 3 دن بند کرنے کی تجویز

بین الاقوامی اداروں اور محکمہ موسمیات کی رپورٹس کے مطابق لاہور اور اس کے گردونواح میں داخل ہونے والی ہوا کی رفتار 4 سے 8 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی۔

اسموگ کم کرنے کیلئے بھارت سے ڈائیلاگ ضروری قرار

الرٹ کے مطابق لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس پھر سے شدید متاثر ہونے جارہا ہے، شہریوں سے گزارش ہے کہ غیر ضروری باہر نہ نکلیں، بوجہ ضروری کام آپ کو باہر نکلنا پڑتا ہے تو ماسک لازمی استعمال کریں۔

مریم اورنگزیب نے خبردار کر دیا

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ لاہور ایک بار پھر فضائی آلودگی انڈیکس میں سب سے اوپر ہے، آئندہ تین دن تک تیز ہواؤں کی وجہ سے اسموگ کی صورت حال بدترین ہونے کا خدشہ ہے۔

امریکی ائیر انڈکس کے مطابق چھ، سات اور آٹھ نومبر کو لاہور کا آلودگی انڈیکس 600 سے 700 ہو سکتا ہے۔

سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے امریکی موسمیاتی ادارے کی رپورٹ شیئر کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ 4 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے مشرق سے مغرب کی طرف بھارت سے آنے والی اسموگ آلود ہوائیں لاہور اور ملحقہ پاکستانی علاقوں کو متاثر کر رہی ہیں۔

امریکی ائیر کوالٹی انڈیکس کے مطابق لاہور میں آلودگی کا اسکور 609 ہے، نئی دہلی 408 اسکور سے دوسرے، عراق کا دارالحکومت بغداد تیسرے اور بھارتی شہر کلکتہ 160 سکور سے چوتھے نمبر پر ہے۔

انہوں نے کہا اسموگ سے تدارک کیلئے پنجاب میں کڑی نگرانی اور اقدامات پر سخت عمل درآمد کیا جارہا ہے۔ دھویں کا پھیلاؤ روکنے کیلئے زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر قائم بھٹوں کی مسماری کے علاوہ سڑکوں، راستوں اور بازاروں میں پانی کا چھڑکاؤ بھی جاری ہے۔

مریم اورتنگزیب نے مزید کہا کہ شہری آئندہ تین دن بہت زیادہ احتیاط کریں۔ بزرگ، مریض اور بچے خصوصی احتیاط کریں اور زیادہ دیر گھر سے باہر نہ رہیں۔

موسمیاتی ماہرین کی مشاورت سے حکومت مصنوعی بارش کا آپشن استعمال کرے گی تاہم شہری ماسک لازمی پہنیں اور احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔

Lahore smog

Red Alert