Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

اینٹی کرپشن کا نوٹس: علی امین گنڈاپور کا عاطف خان کو جواب

آپ کی یہ حیثیت ہے کہ آپ اتنےاہم نہیں علی امین گنڈاپور
شائع 04 نومبر 2024 10:09pm

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عاطف خان کو اینٹی کرپشن کی جانب سے نوٹس بھجوائے جانے پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا جواب بھی سامنے آگیا ہے۔

وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور ایک مبینہ آڈیو میں عاطف خان کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ عاطف خان پہلے تصدیق کرلیا کریں، میں یہ کام کروں اتنا فارغ نہیں ہوں، میرے اوپر بہت بڑی ذمہ داری ہے۔

عاطف خان نے نوٹس بھجوائے جانے پر کہا تھا کہ سب جانتے ہیں اینٹی کرپشن کا نوٹس کیوں اور کس کے کہنے پر آیا ہے۔ یہ سمجھتے ہیں کہ اس طرح کی حرکت کرنے پر میں چپ بیٹھوں گا تو ایسا نہیں ہے، پارٹی کا نقصان عمران خان کا نقصان ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری کردہ مبینہ آڈیو پیغام میں بات کرتے ہوئے عاطف خان نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ اینٹی کرپشن کا نوٹس کیوں آیا ہے، ان چیزوں سے فرق نہیں پڑتا، اس سے بڑی بڑی چیزوں سے نکل آئے ہیں۔ یہ کام کرنے والے اپنی حیثیت اور سوچ دکھا دیتے ہیں۔

عاطف خان نے کہا تھا کہ اس سے پہلے بھی نیب نے انکوائری کی تھی اور بند کردی تھی، 2014 میں پرویز خٹک چیف منسٹر تھے اور محمود خان ٹورازم کے منسٹر تھے میں اس وقت نا منسٹر تھا اور نہ کوئی اور عہدا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ’سینیٹر محسن عزیز نے یہ پراسس کروایا تھا وہ اس وقت بورڈ آف انوسیٹمنٹ کو ہیڈ کررہے تھے اور اعظم خان اس وقت سیکرٹری ٹورازم تھے‘۔

اب علی امین گنڈاپور نے اپنے پیغام میں کہا کہ حیثیت کی باتیں نہ کریں، آپ کے منہ سےاچھی نہیں لگتی، دھمکیوں سے کوئی نہیں ڈرتا، یہ بدمعاشی کی بات نہیں ہے، کوئی کسی کی بدمعاشی اور دھمکیاں نہیں مانتا، آپ کی یہ حیثیت ہے کہ آپ اتنےاہم نہیں، جو انکوائری شروع ہوئی یہ کوئی اور ہے وہ نہیں جوآپ بتارہے ہیں، انکوائری میں آپ جاکر جواب دیں گے، میں نے پہلے بھی آپ کو برداشت کیا تھا۔

خیال رہے سابق صوبائی وزیر خیبر پختونخوا عاطف خان کو اینٹی کرپشن خیبر پختونخوا کی جانب سے طلبی کا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ عاطف خان کو مالم جبہ میں مبینہ کرپشن اور بدعنوانی کے الزام میں طلب کیا گیا ہے۔

انہیں 12 نومبر کو صبح ساڑھے 10 بجے اینٹی کرپشن ڈائریکٹریٹ میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سابق صوبائی وزیر پر ایک نجی کمپنی کو غیر قانونی طور پر ٹھیکہ دینے کا الزام ہے۔

اس سے قبل بھی علی امین گنڈاپور اور عاطف خان کے درمیان جاری تنازعات کی خبریں سامنے آتی رہی ہیں، جس پر عاطف خان نے خاموشی توڑتے ہوئے کہا تھا کہ ہم کوئی گروپ بندی نہیں کررہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ اس خبر کی تردید کرتا ہوں، ہم نے علی امین گنڈاپور کے خلاف کوئی قرار داد نہیں لانی۔

یاد رہے کہ خیبرپختونخوا کے وزیر شکیل خان کو عہدے سے ہٹانے پر عاطف خان اور جنید اکبر نے اختلاف کیا تھا، جس کے بعد خیبرپختونخوا حکومت نے عمران خان کو شکایت کی تھی۔

Ali Amin Gandapur

Atif Khan