Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

مِتُھن چکر ورتی کی سابق اہلیہ انتقال کرگئیں

ہیلینا لیوک نے امیتابھ بچن کی 'مرد' سمیت بالی وڈ کی کئی فلموں میں کام کیا تھا۔
شائع 04 نومبر 2024 06:59pm

بالی وڈ کے سینیر اسٹار متھن چکرورتی کی پہلی اور سابق اہلیہ ہیلینا لیوک انتقال کرگئیں۔ انہوں نے شادی کے چار ماہ بعد متھن چکرورتی سے طلاق لے لی تھی۔ ہیلینا نے امیتابھ بچن کی فلم ’مرد‘ میں برطانوی ملکہ کا کردار ادا کیا تھا۔

ہیلینا لیوک کا انتقال امریکا میں ہوا۔ ان کی موت کی خبر ماضی کی معروف اداکارہ (کلپنا ایر (’پردیسی پردیسی جانا نہیں‘ فیم) نے جاری کی۔ ہیلینا لیوک سے ازواجی تعلق ختم ہونے کے بعد متھن چکرورتی نے معروف اداکارہ یوگیتا بالی سے شادی کی۔

ہیلینا نے بھائی آخر بھائی ہوتا ہے، آؤ پیار کریں، دو گلاب اور چند دیگر بالی وڈ موویز میں بھی کام کیا تاہم وہ لائم لائٹ سے دور رہنا پسند کرتی تھیں اور فلمی پارٹیوں میں بھی شریک نہیں ہوتی تھیں۔

اتوار کو فیس بک پر زندگی کی آخری پوسٹ میں ہیلینا لیوک نے لکھا تھا کہ اُس کی سمجھ میں کچھ نہیں آرہا، ذہن الجھ گیا ہے، کسی معاملے کا کوئی سِرا ہاتھ نہیں لگ رہا۔

ہیلینا نے بارہا کہا کہ متھن سے شادی اُس کی زندگی کی سب سے بڑی غلطی تھی۔ وہ بہت خود پسند تھا اور اپنی ذات کے سوا کسی سے پیار نہیں کرتا تھا۔ اور یہ کہ اگر وہ دنیا کا امیر ترین انسان بھی ہو جائے تو اُس کے ساتھ دوبارہ رہنا پسند نہیں کروں گا۔

ہیلینا کا کہنا تھا کہ وہ اگرچہ عمر میں کافی بڑا تھا مگر ناپختہ ذہن کا مالک تھا اور مجھ پر سابق بوائے فرینڈ جاوید سے ملنے کا الزام لگاتا رہتا تھا۔

متھن چکرورتی کا شمار بالی وڈ کے انتہائی باصلاحیت فنکاروں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے اپنی پہلی ہی فلم ’منتھن‘ کے لیے نیشنل ایوارڈ حاصل کیا تھا۔ بنگالی لہجے کے باوجود وہ بالی وڈ کی فلموں میں کامیاب رہے اور ڈانسنگ ایکٹر کی حیثیت سے منفرد شناخت قائم کی۔ 1982 کی فلم ’ڈسکو ڈانسر‘ کی بھرپور کامیابی کے بعد متھن چکرورتی کو مڑ کر دیکھنا نہیں پڑا۔ فلمی دنیا میں شاندار خدمات انجام دینے پر اُنہیں حال ہی میں دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔

MITHUN CHAKRAVARTY

HELENA LUKE

FORMER WIFE

DIES IN USA

KALPANA AIYER