190 ملین پاؤنڈز کیس: بشریٰ بی بی کے وکیل کو جرح کا حق ختم کرنے کا آخری موقع
اسلام آباد کی احتساب عدالت نے 190ملین پاؤنڈ کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے وکیل کو جرح کا حق ختم کرنے کا آخری موقع دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ سماعت پر جرح نہ کی تو جرح کا حق ختم کردیں گے۔
احتساب عدالت کے جج ناصرجاوید رانا نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاونڈز ریفرنس کی سماعت اڈیالہ جیل میں کی۔
عمران خان کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ بشریٰ بی بی پیشی کے لیے اڈیالہ جیل پہنچیں، بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان گل مصروفیات کے باعث پیش نہ ہوئے۔
عدالت میں عمران خان کی بہنیں علیمہ خان اور عظمیٰ خان موجود تھیں، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، سلمان اکرم راجہ، بیرسٹر سیف، خالد یوسف چودھری بھی عدالت میں موجود تھے۔
190 ملین پاؤنڈز کیس: عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکیل کو جرح کیلئے آخری مہلت
معاون وکیل فیصل چوہدری کی جانب سے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی گئی، جس پر نیب پراسیکیوشن ٹیم کی جانب سے سماعت ملتوی کرنے کی درخواست کی مخالفت کی گئی۔
نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی نے کہا کہ 36 سماعتیں ہوچکی ہیں بشریٰ بی بی کے وکیل جرح مکمل نہیں کر رہے، کیس کو غیر ضروری طول دیا جارہا ہے، وکیل صفائی کا جرح کا حق ختم کیا جائے، 10 بجے سماعت کا وقت تھا وکیل صفائی ابھی تک پیش نہیں ہوئے۔
عدالت نے وکلاء صفائی کو بدھ کے روز 10 بجے تک جرح کرنے کا آخری موقع دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت پرجرح نہ کی گئی توجرح کا حق ختم کردیں گے۔
بعدازاں عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کی سماعت 6 نومبر صبح 10 بجے تک ملتوی کردی۔