Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
21 Jumada Al-Akhirah 1446  

وزیراعظم شہباز شریف کی برطانوی کاروباری شخصیات کو سرمایہ کاری کی دعوت

حکومت کی کوششوں سے حالیہ دنوں میں ملکی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہوئی ہے، شہباز شریف
شائع 04 نومبر 2024 09:04am

وزیراعظم شہباز شریف نے برطانیہ کی کاروباری شخصیات کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی ترغیب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومت کی کوششوں سے حالیہ دنوں میں ملکی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہوئی ہے۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق لاہور میں وزیراعظم شہباز شریف سے برطانیہ کی بااثر اور معروف کاروباری شخصیات کے وفد نے زبیر عیسیٰ کی سربراہی میں ملاقات کی جبکہ ملاقات کرنے والے وفد میں برطانیہ کی سرکردہ کاروباری شخصیات بھی شامل تھیں۔

برطانوی وفد سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے، کاروباری اور تاجر برادری کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے ون ونڈو آپریشن کے ذریعے بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کی کوششوں سے حالیہ دنوں میں ملکی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہوئی ہے، جس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کاروباری شخصیات کے وفد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دی۔

ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے درمیان بزنس ٹو بزنس تعلقات مزید بہتر بنانے کے حوالے سے تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

برطانیہ سے آئے ہوئے وفد نے ملکی معیشت کے استحکام اور پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن ہونے پر وزیراعظم کی معاشی پالیسیوں کی تعریف کی اور اعتماد کا اظہار کیا۔

pakistan economy

اسلام آباد

PM Shehbaz Sharif

uk business investors