راجپال یادو صحافی کے سوال پر مشتعل، کیمرا چھین کر توڑنے کی کوشش
بالی ووڈ اداکار اور کامیڈین راجپال یادو دیوالی کے موقع پر فائر کریکرز (پٹاخوں) کے خلاف بیان دینے پر ردعمل آنے کے بعد اس قدر غصہ ہوگئے ہیں کہ صحافی سے جھگڑا کر بیٹھے۔
گزشتہ ہفتے راجپال یادو نے فائر کریکرزسے اجتناب کرنے کی اپیل کی تھی، جس پر ردعمل آیا اور انہیں اپنا بیان واپس لیتے ہوئے معافی مانگنی پڑی۔
اپنی نئی ویڈیو میں راجپال نے کہا، ’دو دن پہلے میری جانب سے ایک ویڈیو پوسٹ کی گئی تھی، جسے میں نے ہٹا دیا۔ جس کسی کو بھی میری بات سے تکلیف پہنچی، میں معذرت خواہ ہوں۔ دیوالی کی خوشیاں منائیں، صحت مند رہیں، اور جے بھارت!‘
اب حالیہ انٹرویو کے دوران ایک صحافی نے ان سے ان کے دیوالی معافی والے بیان پر سوال کیا، جس پر اداکار نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے صحافی کا کیمرہ چھین لیا۔
راجپال یادو اتر پردیش میں اپنے مداحوں کے درمیان تھے اور صحافی کے سوالات کا جواب دے رہے تھے۔
جب ان سے دیوالی بیان پر معافی سے متعلق سوال کیا گیا تو وہ مشتعل ہو گئے اور کیمرہ چھین کر اسے پھینکنے کی کوشش کی۔
راجپال یادو حال ہی میں انیس بزمی کی فلم ”بھول بھلیاں 3“ میں چھوٹا پنڈت کے کردار میں نظر آئے ہیں، اور اب ان کی اگلی فلم ”بیبی جان“ میں ان کا کردار ایک ایکشن تھرلر میں دیکھا جائے گا۔
Comments are closed on this story.