Aaj News

جمعہ, دسمبر 27, 2024  
24 Jumada Al-Akhirah 1446  

فائز عیسیٰ پر حملہ: وزارت خارجہ کا لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کو قانونی کارروائی کا حکم

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے منسٹری آف فارن افیئرز کو اس حوالے سے ہدایات جاری کردیں
شائع 03 نومبر 2024 04:38pm

وزارت خارجہ نے سابق چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ پر لندن میں ہوئے حملے پر کارروائی کے سخت احکامات جاری کردیئے ہیں، وزارت خارجہ نے لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کو قانونی کارروائی کرنے کی ہدایت دے دی ہے۔

گزشتہ دنوں سابق چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کو مڈل ٹیمپل کا بینچر بنانے کی تقریب کے موقع پر پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے احتجاج کیا گیا، اس دوران ملیکہ بخاری، ذلفی بخاری، اظہر مشوانی و دیگر نے مظاہرین سےخطاب کیا تھا۔

تقریب سے باہر نکلتے ہوئے پی ٹی آئی کارکنوں نے ان کی گاڑی پر حملہ کیا اور مکے برساتے رہے۔

اب وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے منسٹری آف فارن افیئرز کو اس حوالے سے ہدایات جاری کی ہیں۔

وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ سابق چیف جسٹس پر لندن میں حملہ انتہائی افسوسناک ہے۔

وزارت خارجہ کی جانب سے ہدایت دی گئی ہے کہ ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوانے کیلئے قانونی راستہ اختیار کیا جائے، اور اس گھناؤنے فعل میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

دوسری جانب وزیر داخلہ محسن نقوی نے نے حملہ آوروں کے پاسپورٹ منسوخی کا اعلان کیا ہے۔

واقعے کے بعد وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نادرا کو حملہ آوروں کی شناخت کیلئے فوری اقدامات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ فوٹیجز کے ذریعے حملہ آوروں کی نشاندہی کی جائے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا حملہ آوروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، ان کے خلاف پاکستان میں ایف آئی آر درج کرکے مزید کارروائی کی جائے گی اور ان کے شناختی کارڈ بلاک اور پاسپورٹ منسوخ کیے جائیں گے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا جنہوں نے حملہ کیا ان کی شہریت فوری منسوخ کرنے کی کارروائی ہو گی، شہریت منسوخی کا کیس منظوری کے لیے وفاقی کابینہ کو بھیجا جائے گا، کسی کو بھی ایسے حملے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

london

Justice Qazi Faez Isa

MINISTRY OF FOREIGN AFFAIRS

Attack on Qazi Faez Isa