نئے حملوں میں مزید 84 فلسطینی شہید، حماس کے آخری سینیر رہنما کو ختم کرنے کا بھی دعوٰی
اسرائیلی فوج نے حماس کے آخری سینیر رہنما عزُالدین کساب کو شہید کرنے کا دعوٰی کیا ہے۔ شمالی غزہ میں بمباری سے 50 بچوں سمیت مزید 84 فلسطینی شہید ہوگئے۔
دوسری طرف اسرائیلی حکام نے غزہ میں 778 فوجیوں اور 68 اسرائیلی پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔
صہیونی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ عزالدین کساب غزہ میں دوسرے گروپوں کے ساتھ رابطہ رکھنے کے ذمہ دار تھے۔ انہیں خان یونس میں فضائی حملے میں شہید کیا گیا۔
ہفتے کو اسرائیلی فضائیہ نے گزہ میں کئی کثیر المنزلہ عمارتوں پر حملے کیے۔ ان حملوں میں 50 بچوں سمیت مزید 84 فلسطینی شہید ہوئے ہیں۔
بیت الاہیہ میں بھی اسرائیلی طیاروں نے بم برسائے جس کے نتیجے میں 5 فلسطینی شہید ہوئے۔ نصیرات کیمپ کے اطراف گولا باری سے 26 فلسطینیوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔
صہیونی فوج نے تسلیم کیا ہے کہ غزہ میں زمینی کارروائیوں کے دوران غیر معمولی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ عسکری کارروائیوں میں اسرائیل کا بھاری جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔
غزہ میں 778 صہیونی فوجی اور 68 اسرائیلی پولیس اہلکار مارچے جاچکے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے اس حوالے سے تفصیلات کے ساتھ تصویریں بھی جاری کردی ہیں۔ لبنان میں حزب اللہ کے حملوں میں 62 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔
اُدھر امریکا نے مشرق وسطیٰ میں بی باون طیارے اور بحری جنگی جہاز تعینات کردیے۔ امریکی میڈیا کے مطابق تعیناتی مشرق وسطیٰ میں ملٹری ری ایڈجسٹمنٹ کا حصہ ہے۔ مشرق وسطیٰ میں پہلے سے موجود طیارہ بردار جہاز اور تین جنگی جہاز رواں ماہ کے وسط تک واپس امریکا چلے جائیں گے۔
پینٹاگون کے مطابق اسرائیل کے دفاع اور حوثیوں کے حملوں سے اتحادیوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے اور آئندہ بھی کریں گے۔